گلگت: گلگت بلتستان میں ٹیلی کمیونیکیشن کی سہولیات فراہم کرنے والے سرکاری ادارے سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کے بیس کیمپ پر موبائل ٹاور نصب کرنا شروع کر دیا۔
سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کی جانب سے یہ موبائل ٹاور کےٹو اور براڈ پیک کے بیس کیمپ پر نصب کیا جا رہا جس کا مقصد چوٹی سر کرنے والے سیاحوں کو جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی پر مبنی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ مہم جوئی کے دوران انہیں اگر اپنی ٹیم یا اہل خانہ کے ساتھ رابطہ کرنا پڑے تو مشکل نہ پیش آئے اور کسی ہنگامی صورت حال میں کوہ پیمائوں کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں ٹاور کی تنصیب کا کام مکمل ہو جائے گا جس کے بعد رواں سال موسم گرما کے دوران مہم جوئی کرنے والے کوہ پیمائوں کو تیز ترین انٹر نیٹ اور فون کال کی سہولت میسر آئے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کے ٹو سر کرنے جانے والے سیاح رابطے کیلئے سیٹلائٹ فون استعمال کرتے ہیں لیکن اکثر موسم خراب ہونے کی وجہ سے انہیں بیس کیمپ کے ساتھ رابطے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
علاوہ ازیں جمعہ کو گلگت بلتستان میں مواصلاتی روابط میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے ضروری ہے کہ اس علاقے میں تھری جی اور فور جی سروسز کی دستیابی ہو۔
اجلاس میں شمالی علاقہ جات میں مواصلاتی روابط اور انٹرنیٹ کی سہولیات میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے مختلف منصوبوں اور متعلقہ امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کےلئے پرعزم ہے۔ گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے تاریخی ترقیاتی پیکج کی منظوری دی جا چکی ہے جس سے علاقے میں تعمیرو ترقی کا نیا باب روشن ہو گا، ماضی کے مقابلے میں موجودہ حکومت نے گلگت بلتستان میں مواصلاتی روابط (کنیکٹیویٹی) کی بہتری کے حوالے سے خصوصی توجہ دی ہے۔