سعودی عرب، نجی سیکٹر کے فروغ کیلئے سات کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری

گوگل، سی ایس جی، فورڈ، سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک سمیت معتدد عالمی کمپنیوں کا سعودی دارالحکومت ریاض میں علاقائی دفاتر قائم کرنے کا عزم

489

ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے معیشت کو متنوع بنانے اور پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبے کے ساتھ 12 کھرب ریال کے پروگرام ‘شریک’ کا آغاز کیا ہے، اس کے ذریعے قومی معیشت کی پائیدار شرح نمو میں قومی کمپنیوں کی حصہ داری بڑھے گی۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق شریک پروگرام کا مقصد بڑی کمپنیوں کی علاقائی اور عالمی استعداد بڑھانا اور سعودی حکومت کی حیثیت کو مضبوط بنانا ہے۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے سرکاری اور نجی شعبوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نجی شعبہ مملکت کی پائیدار معیشت کی تشکیل میں اصل شریک ہے۔

اس پروگرام کے تحت 2030ء تک سعودی معیشت میں پانچ کھرب ریال تک سرمایہ لگایا جائے گا، یہ طویل المیعاد سرمایہ کاری ہو گی جس کے پہلو بہ پہلو پبلک انویسٹمنٹ فنڈ بھی تین کھرب ریال کی سرمایہ کاری کرے گا۔

اس کے علاوہ مزید چار کھرب ریال نیشنل انویسٹمنٹ سٹرٹیجک کے تحت لگائے جائیں گے، اس میں سرکاری اخراجات والے 10 کھرب ریال شامل نہیں ہوں گے۔ مزید پانچ کھرب ریال کے لگ بھگ پبلک سیکٹر لگائے گا۔ اس طرح 2030ء تک اندرون ملک 27 کھرب ریال (سات کھرب ڈالر) کی مجموعی سرمایہ کاری ہو گی۔

ولی عہد کا کہنا تھا کہ اس حکمت عملی کی بدولت روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے جبکہ 2030ء کی آمد تک قومی معیشت میں پرائیویٹ سیکٹر کا حصہ 65 فیصد تک پہنچ جائے گا۔

عالمی کمپنیوں کا سعودی عرب میں دفاتر کھولنے کا عزم

ایک جانب سعودی حکومت ملکی نجی سیکٹر کو اوپر اٹھانے کیلئے کھربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے تو دوسری جانب سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سی ایس جی اور گوگل سمیت کئی عالمی کمپنیوں نے اپنے دفاتر کھولنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

سعودی حکومت نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ 2024ء سے ایسی کسی غیرملکی کمپنی کو سرکاری ٹھیکے نہیں دیے جائیں گے جس کا مملکت میں ریجنل آفس نہیں ہو گا۔

مقامی ذراع ابلاغ کے مطابق امریکی ٹیکنالوجی کمپنی سی ایس جی نے کہا ہے کہ وہ دبئی سے اپنا ریجنل آفس ریاض منتقل کرے گی جبکہ دبئی آفس معمول کے مطابق کام کرتا رہے گا۔

سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے کہا ہے کہ مڈل ایسٹ افیئرز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کا ریجنل آفس ریاض میں ہو گا۔ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل بھی مملکت میں ریجنل آفس کھولنے کی تیاری کر رہی ہے۔

امریکا کی تعمیراتی کمپنی بیکٹل نے کہا ہے کہ اس نے ریاض میں اپنا ریجنل دفتر قائم کر لیا ہے۔ مزید عالمی کمپنیوں جن میں جرمنی کی روبرٹ پش اور امریکا کی کار ساز کمپنی فورڈ شامل ہیں، کی جانب سے ریاض میں دفاتر کھولنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here