اسلام آباد: رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں کام کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنیوں (ایم این سیز) کی جانب سے منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں 76.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے منافع جات کی مد میں ایک ارب پانچ کروڑ ڈالر بیرون ملک بھجوائے گئے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 97 کروڑ 29 لاکھ ڈالر بیرون ملک منتقل کیے گئے تھے۔
یوں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں چھ کروڑ 70 لاکھ ڈالر سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری میں مجموعی طور پر 77.1 فیصد کمی ریکارڈ
ایس بی پی کے مطابق دوسری جانب جنوری 2021ء کے مقابلہ میں فروری 2021ء کے دوران منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں 10 کروڑ 84 لاکھ ڈالر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
فروری 2021ء کے دورن ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے صرف دو کروڑ 49 لاکھ ڈالر منافع جات کی مد میں بیرون ملک بھجوائے گئے جبکہ جنوری 2021ء کے دوران یہ رقم 13 کروڑ 33 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔
اسی طرح جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں فوڈ سیکٹر میں کام کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے سب سے زیادہ 22 کروڑ 9 لاکھ ڈالر کے منافع جات بیرون ملک بھجوائے گئے۔
ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی طرف سے صرف پانچ کروڑ 47 لاکھ ڈالر منافع جات کی مد میں بیرون ملک منتقل کیے گئیے تھے۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے فوڈ سیکٹر سے حاصل ہونے والے 16 کروڑ 62 لاکھ ڈالر زائد منافع جات کی بیرون ملک منتقلی کی گئی ہے۔