ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کے ساتھ اقتصادی معاونت کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ

609

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی معاونت کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

سوموار کو وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے نئے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی و مغربی ایشیا یوجینی زوکاوف کے درمیان ورچوئلی میٹنگ ہوئی جس میں سیکریٹری اقتصادی امور نور احمد اور پاکستان میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ژیاوہانگ ئنگ نے بھی شرکت کی۔

وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار نے پاکستان کے بااعتماد ترقیاتی شراکت دار کی حیثیت میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بینک نے پاکستان کی ابھرتی ہوئی ضرورتوں بالخصوص کورونا کی وبا کے تناظر میں بروقت معاونت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے عزم اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے نتیجہ میں مشکل اقتصادی حالات اور کوویڈ 19 کے چیلنجز کے باوجود پاکستان کے اقتصادی اشاریے حوصلہ افزاء ہیں اور ملکی معیشت بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی و مغربی ایشیا یوجینی زوکاوف نے پاکستان کی حکومت کی جانب سے اصلاحات کے عمل اور اقتصادی بحالی کیلئے اقدامات کی تائید کی اور کہا کہ بینک مزید بامقصد منصوبوں کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون کیلئے پرعزم ہے۔

ورچوئل اجلاس میں تجارت، مسابقت، سماجی تحفظ، سرکاری و نجی شعبہ کے اشتراک کار، ایگزم بینک کے آپریشنلائزیشن اور اندرونی وسائل کی موبلائزیشن سے متعلق امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا، دونوں رہنمائوں نے پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے پورٹ فولیو میں اضافہ کیلئے اقدامات سے اتفاق کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here