احساس پروگرام کو وسعت دینے کیلئے 60 کروڑ ڈالر امداد کی منظوری

1447

اسلام آباد: عالمی بینک کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان میں احساس پروگرام کو وسعت دینے کیلئے 60 کروڑ ڈالر کی معاونت کی منظوری دیدی۔

یہ معاونت کرائسس ریزیلیئنٹ سوشل پروٹیکشن پروگرام کیلئے منظور کی گئی ہے جو بین الاقوامی ترقیاتی ایسوسی ایشن کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔

کرائسس ریزیلیئنٹ سوشل پروٹیکشن پروگرام کے تحت پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا کے سماجی و معاشی اثرات کو کم  کرنے کے ضمن میں سماجی تحفظ کے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے: عالمی بینک سات منصوبوں کیلئے پاکستان کو دو کھرب سات ارب روپے امداد دے گا

پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پاکستان بھر میں لاکھوں خاندانوں بالخصوص غیررسمی شعبوں میں کام کرنے والے اُن محنت کشوں کو اقتصادی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جن کی کوئی بچت نہیں تھی اور نہ ہی انہیں سماجی تحفظ کے کسی پروگرام کے تحت تحفظ فراہم کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی معاونت سے احساس پروگرام کو مزید فعال اور موثر بنانے میں مدد ملے گی۔ عالمی بینک کی معاونت سے غیرروایتی شعبوں میں کام کرنے والے پاکستانیوں بالخصوص خواتین کو امداد کی فراہمی میں وسعت لائی جائے گی۔

کرائسس ریزیلیئنٹ سوشل پروٹیکشن پروگرام کی ٹاسک ٹیم لیڈر امجد ظفر نے بتایا کہ بحران کے موقع پر سماجی تحفظ کے زیادہ لچکدار اور متحرک پروگرام سے نہ صرف لوگوں کو بحران سے پیدا ہونے والی مشکلات کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی اور یہ اقتصادی بحالی میں بھی معاون ثابت ہو گا۔

عالمی بینک نے کہا ہے کہ اس پروگرام سے مستحق گھرانوں کے صحیح اعدادوشمار اور سماجی تحفظ کے پروگراموں کے درمیان ڈیٹا و معلومات کے موثر تبادلہ میں مدد ملے گی۔ یہ پروگرام صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی معاون ثابت ہو گا کیونکہ دونوں شعبے وبا سے بری طرح متاثرہوئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here