اسلام آباد: گزشتہ سال 2020ء کے دوران پاک سوزوکی موٹرز کمپنی (پی ایس ایم سی ) کے خسارہ میں 45.6 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے کمپنی کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق سال 2020ء کے لئے پاک سوزوکی موٹرز کا خسارہ ایک ارب 60 کروڑ روپے تک کم ہوا ہے جبکہ سال 2019ء کے دوران کمپنی کو دو ارب 90 کروڑ روپے خسارہ ہوا تھا۔
اس طرح سال 2019ء کے مقابلہ میں گزشتہ سال 2020ء کے دوران پاک سوزوکی موٹرز کے خسارہ میں ایک ارب 30 کرؤڑ روپے یعنی 45.6 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
ٹیسلا کی برقی کاریں بٹ کوائن کے ذریعے خریدنا ممکن
آٹو سیکٹر میں تیزی، آٹھ ماہ میں 95 ہزار سے زائد کاریں فروخت
کمپنی کے خسارہ میں کمی کے نتیجہ میں اس کا فی شئیر خسارہ بھی 35.49 روپے کے مقابلہ میں 19.31 روپے فی شئیر تک کم ہوا ہے۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے تجزیہ کار ارسلان حنیف نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ سال 2019ء کے مقابلہ میں سال 2020ء کے دوران کمپنی کی سیلز میں 47 فیصد کمی ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2019ء میں پاک سوزوکی موٹرز نے ایک لاکھ 11 ہزار 543 یونٹس فروخت کئے تھے تاہم سال 2020ء کے دوران کمپنی کی سیلز 59 ہزار 52 یونٹس تک کم ہوئی ہے۔
ارسلان حنیف کا اپنی رپورٹ میں کہنا تھا کہ پاک سوزوکی موٹرز کی سیلز میں نمایاں کمی کے باوجود سال 2020ء کے لئے کمپنی کا عمومی منافع 66 فیصد اضافہ سے تین ارب 30 کروڑ روپے تک بڑھا ہے جبکہ سال 2019ء کے دوران کمپنی کو ایک ارب 98 کروڑ روپے عمومی نفع ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اخراجات میں کمی اور کمپنی کی دیگر متفرق ذرائع سے آمدن میں اضافہ کے علاوہ ٹیکس پروویژن کی واپسی کے نتیجہ میں پاک سوزوکی موٹر کمپنی کے خسارہ میں کمی ہوئی ہے۔