سوات ایئرپورٹ 17 سال بعد بحال، پی آئی اے کی پرواز لینڈ کر گئی

758

سوات: سیاحت کے فروع کے لئے حکومت نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے سوات کے سیدوشریف ایئر پورٹ کو 17 سال بعد کمرشل آپریشن کیلئے بحال کر دیا۔ 17 سال کے طویل عرصے بعد سوات ایئرپورٹ کو پروازوں کے لئے دوبارہ کھول دیا گیا۔

پی آئی اے کی پرواز پی کے 650 جمعہ کے روز صبح 10 بجے اسلام آباد ائیرپورٹ سے روانہ ہوئی اور 11 بجے سیدو شریف سوات پر لینڈ کر گئی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان اور وزیر مواصلات مراد سعید بھی جہاز پر سوار ہوئے، ایئرپورٹ پر پرواز سے قبل کیک کاٹا گیا اور مہمانوں کی تواضع کی گئی۔

اسلام آباد سے سوات کے لئے ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی۔ اسلام آباد سے سوات کی فلائٹس کراچی اور لاہور سے آنے والی فلائٹس کے ساتھ منسلک ہوں  گی۔

وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ مالی مشکلات اور دہشت گردی کی وجہ سے یہ پروازیں بند تھیں، سوات اور مالاکنڈ کے عوام نے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ بڑی جواں مردی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا۔ 17 سال بعد سوات کے لیے پی آئی اے کی پروازیں شروع کر رہے ہیں۔

غلام سرور خان نے کہا کہ ابتدائی طور پر ہفتہ وار دو پروزیں شروع کی گئی ہیں جبکہ ان کی تعداد بڑھائی جائے گی، اس سے پی آئی اے کی آمدنی میں اضافہ ہو گا اور سوات میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here