لاہور: جاری مالی سال 2020-21ء کے پہلے 8 ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران پاکستان کی چین سے درآمدات کا حجم 24 فیصد اضافے سے 7.8 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران چین سے 7.85 ارب ڈالر کی مصنوعات درآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ برس کی اسی مدت میں 6.34 ارب ڈالر کی مصنوعات منگوائی گئی تھیں، اس طرح سالانہ لحاظ سے درآمدات میں 24 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء تا فروری 2021ء کے دوران دوسرے نمبر پر پاکستان نے متحدہ عرب امارات سے درآمدات کیں، البتہ سالانہ لحاظ سے یو اے ای سے درآمدات میں 10 فیصد کمی دیکھی گئی اور جولائی تا فروری 2020ء کے 4.78 ارب ڈالر کے مقابلے میں رواں سال جولائی تا فروری 2021ء کے دوران 4.32 ارب ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیے:
امریکا کو پاکستانی برآمدات میں 11 فیصد اضافہ، تین ارب ڈالر سے متجاوز
فروری 2021ء کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 3 فیصد کمی
پاکستان نے تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ مصنوعات سنگاپور سے درآمد کیں جن کا حجم 1.93 ارب ڈالر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال جولائی تا فروری کے دوران سنگاپور سے 1.52 ارب ڈالر کی مصنوعات منگوائی گئیں تھیں، یوں سالانہ لحاظ سے سنگاپور سے درآمدات میں 27 فیصد اضافہ ہوا۔
اسی طرح امریکہ اور سعودی عرب نے پاکستان کو مذکورہ عرصے کے دوران بالترتیب 1.467 ارب ڈالر اور 1.38 ارب ڈالر کی برآمدات بھیجیں۔ سالانہ لحاظ سے امریکہ کی پاکستان کو برآمدات میں معمولی کمی واقع ہوئی جبکہ سعودی عرب سے درآمدات میں 37 فیصد اضافہ ہوا۔
دیگر ممالک میں جاپان سے سالانہ 16 فیصد اضافے سے 85 کروڑ 47 لاکھ ڈالر کی مصنوعات درآمد کی گیں، کویت سے 9 فیصد اضافے کے ساتھ 80 کروڑ 39 لاکھ ڈالرکی درآمدات کی گئیں۔
فروری 2021ء میں سالانہ اعتبار سے چین سے پاکستان کی درآمدات میں 89 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ماہانہ لحاظ سے تین فیصد کمی سے 1.05 ارب ڈالر درآمدات ریکارڈ کی گئیں۔ اس کے برعکس متحدہ عرب امارات سے فروری 2021ء میں درآمدات میں سالانہ لحاظ سے 6 فیصد کمی جبکہ ماہانہ لحاظ سے 25 فیصد اضافہ ہوا اور درآمدات کا حجم 56 کروڑ 84 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
مزید برآں فروری 2021ء میں سنگاپور سے درآمدات میں سالانہ 24 فیصد اور ماہانہ دو فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ فروری میں 29 کروڑ 72 لاکھ 60 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
امریکہ سے درآمدات میں سالانہ لحاظ سے چار فیصد کمی آئی جبکہ ماہانہ لحاظ سے ان کا حجم برقرار رہا، امریکہ سے فروری 2021ء میں 23 کروڑ 65 لاکھ ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں۔