اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے سیدو شریف ائیرپورٹ سوات کے لئے پروازیں 26 مارچ سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ابتدائی تحفظات کو دور کر کے اب پہلی پرواز جمعہ کی صبح لاہور براستہ اسلام اباد روانہ ہو گی۔
پرواز لاہور سے صبح 8 بجے اور اسلام آباد سے 9 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہو گی جبکہ واپسی کی پرواز سیدو شریف سے شام 5 بجے روانہ ہو گی۔
یہ بھی پڑھیے:
پی آئی اے کا لاہور سے گلگت اور سکردو کی پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد سے چترال کیلئے پی آئی اے کی فضائی سروس ڈیڑھ سال بعد بحال
پی آئی اے کی پروازیں سیاحت کے فروغ کیلئے ہفتے میں دو دن بروز جمعہ اور سوموار چلائی جائیں گی۔ سکردو، گلگت اور چترال کے بعد یہ چوتھا سیاحتی مقام ہے جس کیلئے قومی ائیر لائن اپنا فضائی آپریشن چلائے گی۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ سوات کے عوام کے لئے 17 سال بعد سیدو شریف ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنا ایک تاریخی اور یادگار موقع ہے۔
وفاقی وزیر نے سربراہ پی آئی اے ارشد ملک سے ملاقات کے دوران کی اور سیدو شریف ایئرپورٹ پر 26 مارچ سے فلائٹ آپریشن کی بحالی سے متعلق انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر مراد سعید کے مطابق پہلے مرحلے میں ملکی اور دوسرے مرحلے میں بین الاقوامی پروازیں سیدوشریف ائیرپورٹ کیلئے چلائی جائیں گی تاہم اسے قبل ائیرپورٹ کو بین الاقوامی معیار تک بڑھایا جائے گا۔