چینی کمپنی فیصل آباد میں ایگری کیمیکل پلانٹ لگائے گی

کمپنی پاکستان کے زرعی شعبے میں انقلابی تبدیلیاں پیدا کرنے کیلئے پرعزم، پلانٹ جون 2022ء تک فعال ہو گا، سینکڑوں نوکریوں کے علاوہ سرکاری خزانے میں سالانہ کروڑوں کا ٹیکس جائے گا

810

بیجنگ: چین کی زینگ بینگ ایگریکلچر پرائیویٹ لمیٹڈ (ZHENGBANG) نے علامہ اقبال سپیشل اکنامک زون فیصل آباد میں 70 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے ایگری کیمیکل پلانٹ لگانے کا منصوبہ بنایا ہے۔

چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق زینگ بینگ نے سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زراعی سیکٹر کی ترقی پر توجہ، پاکستان میں کاروبار دوست ماحول اور مارکیٹ کی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اکتوبر 2020ء میں ایگری کیمیکل پلانٹ قائم کرنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی تھی، سرمایہ کاری بورڈ نے رواں ماہ کمپنی کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

چین پاکستان میں برقی کاروں کا پلانٹ لگائے گا

چکوال اور ٹھٹھہ میں دو اقتصادی زونز کے قیام کا فیصلہ، سات ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع

یہ پلانٹ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 10.93 ایکڑ اراضی پر قائم کیا جائے گا اور جون 2022ء میں فعال ہو جائے گا۔ پلانٹ پر کیڑے مار ادویات، جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کا سپرے، پانی میں حل پذیر کھادیں اور پودوں کی نشوونما کو تیز کرنے والے اجزاء سمیت ایک سو سے زائد اقسام کے ایگری کیمیکلز بنائے جائیں گے تاکہ گندم، چاول، کپاس، گنے جیسی منافع بخش فصلات  کا تحفظ کیا جا سکے۔

زینگ بینگ کے جنرل مینجر زانگ شلو نے بتایا کہ پلانٹ کے اندر ایک فرٹیلائزر پروڈکشن بیس قائم کیا جائے گا جہاں امینو ایسڈ، ہیومک ایسڈ، این پی کے اور زنک کھادیں تیار کی جائیں گی، جو پاکستان میں الکلی والی سخت زمینوں پر فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کریں گی۔

زینگ بینگ کا کہنا ہے کہ پلانٹ سے طویل المدتی فوائد حاصل کرنے کیلئے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ٹیم بھرتی کی جائے گی اور اس مقصد کیلئے پاکستان کے زرعی تحقیق کے اداروں اور ماہرین کے ساتھ بھی اشتراک کرکے ان کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔

زانگ شلو کے مطابق زینگ بینگ ایگری کیمیکل پلانٹ قائم ہونے سے مقامی افراد کیلئے روزگار کے پانچ سو مواقع پیدا ہوں گے اور حکومت کو سالانہ پانچ کروڑ روپے ٹیکس کی مد میں ملیں گے۔

چینی کمپنی زینگ بینگ نے جنوری 2020ء میں لاہور سے اپنے کاروبار کا آغاز کیا تھا، ابتداء میں یہ کمپنی کیڑے مار ادویات اور کھادیں درآمد کرکے پنجاب میں فروخت کرتی رہی ہے۔

یہ چین کی زینگ بینگ کراپ پروٹیکشن کمپنی کی ذیلی کمپنی ہے جو اپنی مالیاتی پوزیشن اور زرعی تحقیق کی وجہ سے چینی حکومت کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے ساتھ پاکستان سمیت دنیا کے بیس ممالک میں کام کر رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here