چکوال اور ٹھٹھہ میں دو اقتصادی زونز کے قیام کا فیصلہ، سات ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع

1133

اسلام آباد: نجی انجنئیرنگ فرم ڈائنامک انجنئیرنگ اینڈ آٹومیشین (ڈی ای اے) نے چکوال اور ٹھٹہ کے اضلاع میں دو خصوصی اقتصادی زونز قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔

اس حوالے سے چینی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات میں اقتصادی زونز کے قیام پر پانچ سے سات ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس کی مدد سے مینوفیکچرنگ سہولیات، گلوبل سروس سینٹرز، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ لیبز اور سیلز سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔

خصوصی اقتصادی زونز کا تعمیری ڈھانچہ چینی اربن رُورل ہولڈنگ گروپ کی طرف سے تیار کیا جائے گا، یہ کمپنی شہری اور دیہی علاقوں کی آبادکاری میں مہارت رکھتی ہے اور چین میں ماحول دوست ڈیزائن اور ان زونز کی متوازن ترقی کی منصوبہ بندی کے حوالے سے مشہور ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ڈائنامک انجنئیرنگ اینڈ آٹومیشن اویس میر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے براہِ راست غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی کوششوں کے پیش نظر دو خصوصی اقتصادی زونز کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں اربوں ڈالر مالیت کی کمپنیوں نے اپنے سرمایہ کاری کے منصوبوں کی تصدیق بھی کی ہے۔

انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ “ہم نے شین یانگ بائیو ٹیک گروپ، نیو سافٹ میڈکل سسٹمز، ایچ ای ویژن گروپ، لووول ہیوی انڈسٹری، وانڈفو میڈیکل، کیپر ٹیکنالوجیز، گرین ایگروٹیک، شینجلین میٹالرجیکل گروپ، ریڈ کراؤن انٹیلی جینٹ ٹیکنالوجی، شنگائی رچتائی انڈسٹریز اور ڈین ڈانگ آٹومیشن نے مقامی شراکت داروں اور سہولت کاروں کے طور پر کام کرنے کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں”۔

خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کار میڈیکل، میٹلز ری سائیکلنگ، آٹوموبائل سمیت برقی گاڑیوں، پینٹ، ماربلز، زراعت اور کاشت کاری، قابلِ تجدید توانائی، پیپر ری سائیکلنگ اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں صنعتیں لگائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے:

53.6 ارب سرمایہ کاری کے ساتھ سی پیک کے دوسرے اقتصادی زون میں صنعتکاری کا آغاز

اب 10 بلین ٹری سونامی، سی پیک روٹ کیساتھ ماحولیاتی اثرات کی نگرانی سیٹلائٹ سے ہو گی

مختلف منصوبوں کے قیام کے لیے فریقین کی جانب سے میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ (ایم او یوز) کے ذریعے شراکت داری قائم کرنے کا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا ہے جو دونوں ممالک کے طویل المدتی تعلقات کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔

اویس میر نے مزید کہا کہ ان اقدامات سے دور دراز کے پسماندہ اور نظر انداز کیے گئے علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

صحت کے شعبے میں ڈائنامک انجنئیرنگ اینڈ آٹومیشن ایچ ای ویژن چین کے اشتراک کے ساتھ سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال تعمیر کرے گی جہاں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ مکمل طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ ہسپتال کا مقصد پسماندہ علاقوں میں آنکھوں کے امراض کا علاج فراہم کرنا ہے۔ یہ منصوبہ سی پیک کے ہیلتھ کئیر پروجیکٹس کے تحت قائم کیا جائیگا۔

سی ای او ڈائنامک انجنئیرنگ اینڈ آٹومیشن نے کہا کہ پاکستان میں کمپنی پہلے سے سینتھیٹک نیچرل گیس (ایس این جی) اور ایل این جی آلات کی سروسز جیسے توانائی کے حل فراہم کر رہی ہے۔ کمپنی انڈسٹریل پارکس ڈویلپمنٹ سیکٹر، مینوفیکچرنگ اور صحت پر بھی توجہ دے رہی ہے۔

پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز کے حوالے سے قوانین ون ونڈو آپریشن کے ذریعے کاروباری آسانی، پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے مراعات، انفراسٹرکچر کی سہولیات، ٹیکس ریلیف اور سرمایہ کاری کی سہولیات کے ساتھ صنعت کاری کی اجازت دیں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here