ترک سرمایہ کاروں کا پاکستان کے سیاحتی شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کیلئے اظہارِ دلچسپی

دنیا کے 71 ممالک کے سیاحتی شعبے میں خدمات فراہم کرنے والی ترک ایسوسی ایشن پاکستان میں ہوٹلنگ، سیاحتی مقامات کی ترقی کیلئے دوطرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش مند

636

اسلام آباد: ٹورازم ہوٹل منیجرز ایسوسی ایشن آف ترکی (ٹی یو آر او وائی ڈی) نے پاکستان کے سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

بدھ کو چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف بخاری سے صدر ٹورازم ہوٹل منیجرز ایسوسی ایشن علی کین آکسو کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔

سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستان میں ہوٹلنگ اور سیاحت کے شعبہ کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے:

خیبرپختونخوا میں آٹھ نئے سیاحتی زون بنانے کا فیصلہ

پنجاب کے511 سیاحتی مقامات ایک ایپ پر دستیاب

لاہور نیویارک ٹائمز کی 2021ء کے بہترین سیاحتی مقامات کی فہرست میں شامل

اس موقع پر ٹورازم ہوٹل منیجرز ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ ایسوسی ایشن دنیا کے 71 مختلف ممالک میں خدمات فراہم کر رہی ہے، پاکستان عالمی سیاحوں کو متوجہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے جس کے تناظر میں ایسوسی ایشن پاکستان میں سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہے۔

سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین عاطف بخاری نے اس موقع پر کہا کہ حکومت سیاحت کے شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور سرکاری سیاحتی سائیٹس کی نجکاری کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاحت کی صنعت میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مواقع موجود ہیں۔ پاکستان اور ترکی سیاحت کے شعبہ کے حوالہ تربیت کی فراہمی کیلئے مشترکہ منصوبے بھی شروع کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر سرمایہ کاری بورڈ کی سیکرٹری فرینہ مظہر نے بھی ترک وفد کو سرمایہ کاری کے حوالہ سے ہر طرح کی ممکنہ سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاری کے فروغ کی حکومتی پالیسی کے تحت سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو کی سہولت کے تحت سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

ملاقات کے آخر میں بی او آئی کے چیئرمین عاطف بخاری نے ترک وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ پاکستان میں سیاحت کے شعبہ میں ایسوسی ایشن کے سرمایہ کاری کے منصوبوں میں ہر طرح کی ممکنہ معاونت فراہم کرے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here