اسلام آباد: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران گل احمد ٹیکسٹائل ملز (جی اے ٹی ایم) کے خالص منافع میں 65.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے کمپنی کے مالیاتی نتائج کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2020ء کے دوران گل احمد ٹیکسٹائل ملز کی بعد از ٹیکس آمدن ایک ارب 76 کروڑ 60 لاکھ روپے تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں کمپنی کی خالص آمدن ایک ارب 6 کروڑ 90 لاکھ روپے رہی تھی۔
اسی طرح گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران گل احمد ٹیکسٹائل ملز کی بعد از ٹیکس آمدن میں 69 کروڑ 70 لاکھ روپے یعنی 65 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2019ء کے دوران کمپنی کو 2.50 روپے فی حصص آمدن ہوئی تھی جبکہ رواں مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2020ء کے لئے گل احمد ٹیکسٹائل ملز کی فی حصص آمدن بھی 4.13 روپے تک بڑھ گئی۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران گل احمد ٹیکسٹائل ملز کا خالص منافع 65.6 فیصد بڑھ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران کمپنی کو 70 کروڑ 50 لاکھ روپے خالص منافع حاصل ہو تھا جبکہ جاری مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے لئے گل احمد ٹیکسٹائل ملز کا خالص منافع ایک ارب 16 کروڑ 70 لاکھ روپے تک پہنچ گیا جس کے نتیجہ میں کمپنی کی فی حصص آمدن بھی 1.65 روپے کے مقابلہ میں 2.73 روپے فی حصص تک بڑھ گئی۔