فروری میں سیمنٹ کی برآمدات میں 18 فیصد کمی

561

لاہور: پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق فروری 2021ء کے دوران ماہانہ اعتبار سے سیمنٹ کی برآمدات میں 5.9 فیصد اور سالانہ اعتبار سے 17.93 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

پی بی ایس کے مطابق فروری 2021ء کے دوران سیمنٹ کی برآمدات کا حجم ایک کروڑ 95 لاکھ 20 ہزار ڈالر رہا جبکہ فروری 2020ء کے دوران ان برآمدات کا حجم دو کروڑ 37 لاکھ 90 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جنوری 2021ء میں سیمنٹ کی برآمدات دو کروڑ سات لاکھ 50 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئیں تھیں، یوں جنوری 2021ء کی نسبت فروری میں سیمنٹ کی برآمدات میں 5.9 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔

سیمنٹ کی برآمدات میں کمی کی وجہ مقامی طلب میں اضافہ ہے کیونکہ مقامی سیمنٹ ساز فیکٹریوں نے اضافی قیمتوں کی وجہ سے اپنی سیلز کا رجحان مقامی مارکیٹ کی طرف منتقل کیا جبکہ موسمیاتی تبدیلی نے بھی اس میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیے:

مالی سال کی پہلی ششماہی میں سیمنٹ کمپنیوں کے منافع میں اضافہ

شوگر، سیمنٹ، فرٹیلائزر اور سگریٹ انڈسٹریز میں بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری ہوتی ہے

اس کے علاوہ مینوفیکچررز کو ایندھن اور توانائی کی اضافی لاگت کا سامنا بھی رہا جس کے نتیجے میں گزشتہ کچھ ماہ سے سیمنٹ کی مجموعی برآمدات میں کمی آئی ہے۔

مقدار کے لحاظ سے سیمنٹ کی برآمدات میں ماہانہ اعتبار سے 11.5 فیصد اور سالانہ اعتبار سے 17 فیصد کمی آئی اور صرف 537452 میٹرک ٹن سیمنٹ ہی برآمد کیا جا سکا۔

جاری مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران مجموعی طور پر سیمنٹ کی برآمدات میں تین فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے 19 کروڑ 39 لاکھ 24 ہزار ڈالر سے کم ہو کر 18 کروڑ 31 لاکھ 98 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here