اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ کے افتتاحی سیشن میں اپنی نوعیت کے پہلے پالیسی ایڈوائزری پورٹل کا افتتاح کر دیا۔
یہ پورٹل 100 سے زائد تھنک ٹینک، دانشوروں اور ماہرین کو پالیسی سازی میں شامل کرنے کے لئے نیشنل سکیورٹی ڈویژن نے تیار کیا ہے۔
ایڈوائزری پورٹل کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں لیکن ان کی قدر نہیں کی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ پورٹل کا قیام صحیح سمت میں ایک قدم ہے، ایڈوائزری پورٹل ایک خصوصی اور مربوط پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے جامع قومی سلامتی کے موضوع پر کام کرنے والے بڑے تھنک ٹینک اور یونیورسٹیاں اپنی پالیسی سفارشات براہ راست قومی قیادت تک پہنچا سکتی ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن و سٹریٹیجک پالیسی پلاننگ ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پورٹل کے قیام کا مقصد دانشوروں اور پالیسی سازوں کے درمیان پائے جانے والے فرق کو ختم کرنا ہے، اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس ہے۔
بدھ کو اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ کے سیشنز کے علاوہ جمعرات کو تین سیشن ہوں گے۔ آج جمعرات کو دوسرے روز کی افتتاحی نشست سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ خطاب کریں گے۔ اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ کے بیشتر ورچوئل اجلاس میں ملکی اور علاقائی ماہرین اور میڈیا اور دیگر حکام شرکت کر رہے ہیں۔
اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ کا بنیادی موضوع جامع سکیورٹی فریم ورک مرتب کرنا ہے جس سے ملک عالمی و علاقائی ترقی کا محور بننے کے لئے اپنی مخفی صلاحیتوں سے استفادہ کر سکے گا۔ قومی سلامتی ڈویژن اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ کو دنیا کے ممتاز سکیورٹی ڈائیلاگ کے ہم پلہ سالانہ ایونٹ بنانے کا خواہاں ہے۔