اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے ترکی کے لیے ہفتے میں تین براہِ راست پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی ائیرلائن نے کہا ہے کہ وسط مئی 2021ء سے لاہور اور اسلام آباد سے ترکی کے شہر استنبول کے لیے ہفتے میں تین براہِ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔
لاہور اور اسلام آباد سے ترکی کے لیے پروازیں چلانے کا فیصلہ خسارے میں چلنے والی سرکاری ائیرلائن کو پائو پر کھڑا کرنے اور آمدن میں اضافہ کرنے میں مدد فراہم کرے گا جو اخراجات زیادہ ہونے اور آمدن کم ہونے کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہے۔
گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان سے اسلام آباد میں ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ یردغل نے ملاقات کی تھی، ملاقات میں ایوی ایشن سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ سے متعلق امور پر بات چیت کے علاوہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا تھا۔
دوسری جانب اندرون ملک پی آئی اے نے سوات کے سیدو شریف ائیر پورٹ سے بھی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ ائیرپورٹ کو 2004ء میں سکیورٹی صورت حال کے پیش نظر بند کر دیا گیا تھا جسے اب امن و امان کی صورت حال معمول پر آنے پر فعال کیا جا رہا ہے۔
پی آئی اے نے کہا کہ وہ رواں ماہ کے آخری ہفتے میں سیدو شریف ائیرپورٹ سے اے ٹی آر طیارہ کی آزمائشی پرواز چلائے گی اور اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے۔