یونی لیور پاکستان سمیت چار کمپنیوں کو شوکاز نوٹسز جاری

786

اسلام آباد: مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے یونی لیور پاکستان سمیت چار کمپنیوں کو مسابقتی ایکٹ 2010ء کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹسز جاری کر دیے۔

رپورٹس کے مطابق یونی لیور پاکستان لمیٹڈ (یو پی ایل) کو بادی النظر میں دھوکا دہی پر مبنی مارکیٹنگ پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے، ریکٹ بینکیزر پاکستان لمیٹڈ ( Reckitt Benckiser Pakistan Ltd) نے سی سی پی کو شکایت کی تھی کہ یونی لیور پاکستان لائف بوائے سوپ اور ہینڈ واش جیسی اپنی مصنوعات سے متعلق غلط اور بے بنیاد دعوؤں کی تشہیر کر رہی ہے۔

انکوائری رپورٹ میں معلوم ہوا کہ یونی لیور پاکستان اپنی مذکورہ مصنوعات سے متعلق نہ صرف بے بنیاد دعوؤں سے صارفین کو گمراہ کر رہی ہے بلکہ دیگر کاروباروں کے مفاد کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔

یونی لیور پر الزام ہے کہ کمپنی اپنے اشتہارات کے ذریعے لائف بوائے سوپ اور ہینڈواش سے متعلق ‘جراثیم سے تحفظ کی 100 فیصد گارنٹی دینے’ ، ’دنیا کا نمبر وَن جراثیم سے تحفظ دینے والا سوپ’ اور ’10 سیکنڈز میں 99.9 فیصد جراثیم سے تحفظ ‘ جیسے دعوے کر رہی ہے۔ کمپنی اپنی مصنوعات پر اِن دعوؤں سے متعلق ڈسکلیمر بے حد چھوٹے فونٹس میں پرنٹ کر رہی ہے جسے بمشکل ہی دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ، مسابقتی کمیشن حرکت میں آ گیا

سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے کراچی دفاتر پر مسابقتی کمیشن کا چھاپہ، ریکارڈ قبضے میں لے لیا

گمراہ کن مارکیٹنگ کے ایک دوسرے کیس میں، فرانس سے تعلق رکھنے والی کمپنی کینول پرفارمنس آئل (Kennol Performance Oil) نے مسابقتی کمیشن کو شکایت کی کہ تین پاکستانی کمپنیاں اس کے کاپی رائٹس استعمال کرکے کمپی ٹیشن مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

فرانسیسی کمپنی نے اپنی شکایت میں موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستانی کمپنیاں کینول پیٹرولیم (پرائیویٹ) لمیٹڈ، دیوان آئل سٹور اور جاپان لیوب پیٹرولیم دراصل اس کی مصنوعات کی پیکجنگ کی نقل کرکے صارفین کو دھوکا دے رہی ہیں اور کاپی رائٹس قوانین کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہیں۔

فرنچ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی پروڈکٹ ‘کینل’ فرانس سمیت پاکستان کی انٹیلکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) کے ساتھ رجسٹرڈ ہے اور کوئی کمپنی بھی پاکستان میں ان کا نام استعمال کرنے کی مجاز نہیں لہٰذا کینل پیٹرولیم، دیوان سٹورز اور جاپان لیوب ان کی مصنوعات کی نقل کرکے صارفین کو گمراہ کر رہی ہیں۔

سی سی پی کی انکوائری سے معلوم ہوا ہے کہ کینول پرفارمنس آئل سے جڑے ٹریڈ مارک کو پاکستان میں کوئی بھی کمپنی استعمال کرنے کی مجاز نہیں، کمیشن کو مزید معلوم ہوا کہ کینول پیٹرولیم، دیوان سٹور اور جاپان لیوب پیٹرولیم صارفین کو دھوکا دینے کے لیے مذکورہ فرانسیسی کمپنی کی مصنوعات کی پیکیجنگ کاپی کرنے اور اس کے کاروباری مفاد کو نقصان پہنچانے میں ملوث ہیں۔ یہ دونوں اقدامات مسابقتی ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی ہیں۔

سی سی پی مسابقتی ایکٹ کے تحت تمام تجارتی اور معاشی سرگرمیوں میں آزادانہ مسابقت کو یقینی بنانے اور اس کے ذریعے معاشی ترقی کو فروغ دینے اور صارفین کو مسابقت مخالف بشمول دھوکا دہی کے طریقہ کار سے محفوظ بنانے کی ذمہ دار ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here