ہیلنسکی: فن لینڈ کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی نوکیا نے اپنے ری سٹرکچرنگ پروگرام کے تحت آئندہ دو سال کے دوران 11 فیصد ملازمین فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نوکیا کے اس اقدام کی وجہ اخراجات میں 60 کروڑ یورو (71 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ) کمی کرنا ہے۔
کمپنی کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر پیکا لنڈمارک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وہ تنظیم نو پروگرام پر عمل پیرا ہیں جس سے اخراجات میں 60 کروڑ یورو کی بچت کے لیے 11 فیصد ملازمین کو فارغ کیا جائے گا تاہم مارکیٹ کی صورت حال دیکھ کریہ فیصلہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کمپنی کے 90 ہزار کے قریب ملازمین ہیں جبکہ تنظیم نو کے بعد ان کی تعداد 80 سے 85 ہزار تک رہ جائے گی یعنی کم و بیش دس ہزار ملازمین کو برخاست کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے:
موبائل کمپنی نوکیا چاند پر انٹرنیٹ سروس مہیا کرے گی
فائیو جی نیٹ ورک انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے نوکیا اور گوگل میں معاہدہ
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے پیدا شدہ معاشی بحران کی وجہ سے دنیا بھر میں چھوٹے بڑے ادارے اپنے اخراجات میں کمی کیلئے ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کر رہے ہیں اور 2019ء کے اواخر میں وبا کی ابتداء سے اب تک کروڑوں ملازمین اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
اس کے علاوہ نوکریوں سے فارغ ہونے والے ملازمین کیلئے ملازمت کے نئے مواقع فی الوقت کم پیدا ہو رہے ہیں تاہم دنیا بھر میں ویکسی نیشن کا عمل شروع ہونے کے بعد توقع کی جا سکتی ہے کہ نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے کیونکہ معاشی، تجارتی اور صنعتی سرگرمیاں بتدریج بحال ہو رہی ہیں۔