غیرملکی کمپنیوں نے پاکستان سے ایک ارب ڈالر سے زائد منافع جات منتقل کر لیے

جولائی تا جنوری کے دوران برطانوی سرمایہ کاروں نے 60 کروڑ 20 لاکھ ڈالر، امریکی سرمایہ کاروں نے 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالر منتقل کیے

979

اسلام آباد: پاکستان میں کام کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے رواں مالی سال کے ابتدائی سات ماہ میں منافع جات کی اپنے ممالک منتقلی ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2020ء سے جنوری 2021ء تک غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے ایک ارب دو کروڑ 50 لاکھ ڈالر بیرون ملک بھجوائے گئے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 94 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے منافع جات بیرون ملک بھجوائے گئے۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں جولائی تا جنوری کے دوران منافع جات کی منتقلی میں 8 فیصد یعنی سات کروڑ 80 لاکھ ڈٓالر کا اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

رواں مالی سال کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری میں 78 فیصد کمی

53.6 ارب سرمایہ کاری کے ساتھ سی پیک کے دوسرے اقتصادی زون میں صنعتکاری کا آغاز

ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں برطانوی سرمایہ کاروں نے سب سے زیادہ یعنی 6 کروڑ 20 لاکھ ڈالر بیرون ملک بھجوائے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر امریکی سرمایہ کاروں نے 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی منتقلی کی ہے۔

مزید برآں رواں مالی سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران فوڈ سیکٹر کی کمپنیوں کی جانب سے 22 کروڑ ڈالر، مالیاتی شعبہ کی کمپنیوں کی جانب سے 13 کروڑ 60 لاکھ ڈالر، مواصلات سیکٹر سے 11 کروڑ 90 لاکھ ڈالر اور ٹرانسپورٹ سروسز کے شعبہ کی جانب سے 10 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے منافع جات بیرون ملک بھجوائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق جنوری 2021ء کے دوران غیرملکی کمپنیوں کی جانب سے مجموعی طور پر 13 کروڑ 33 لاکھ ڈالر بیرون ممالک منتقل کئے گئے ہیں جن میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) سے حاصل ہونے والے 12 کروڑ 15 لاکھ ڈالر اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے منافع جات شامل ہیں

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here