سعودی عرب سے پاکستان کو پانچ ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات موصول

162

اسلام آباد: سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی طرف سے ترسیلات زر پاکستان ارسال کرنے کی شرح میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 19.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی طرف سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے فروری 2021ء تک کی مدت میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے پانچ ارب چار کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا۔

یہ بھی پڑھیے: مسلسل 9ویں ماہ ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زائد، مجموعی حجم 18 ارب ڈالر سے بڑھ گیا

یہ شرح گزشتہ مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے مقابلہ میں 19.5 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے چار ارب 21 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے فروری 2021ء میں 52 کروڑ 56 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان بھیجا جبکہ گزشتہ سال فروری 2020ء میں 51 کروڑ 31 لاکھ پاکستان ارسال کیے گئے تھے۔

حکومت کی طرف سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی اور سہولیات کی فراہمی کے نتیجہ میں بیرون ممالک مقیم پاکستانی ورکروں کی جانب سے ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی طرف سے ترسیلات زر میں گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں مجموعی طور پر 24.1 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here