واشنگٹن: کِیا موٹرز کارپوریشن نے شارٹ سرکٹ کے خدشے کے پیش نظر دنیا بھر سے اپنی تین لاکھ 79 ہزار 931 گاڑیاں واپس منگوانے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی نے اپنی دنیا بھر میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی سپورٹیج (Sportage) اور کیڈینزا (Cadenza) ماڈلز کی گاڑیوں کے ہیڈرالک الیکٹریکل کنٹرول یونٹ کے برقی سرکٹ میں شارٹ سرکٹ کے خدشے کے پیش نظر واپس منگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔
واپس منگوائی جانے والی کِیا سپورٹیج اور کیڈینزا ماڈلز کی گاڑیاں 2017-21 میں تیار کی گئیں، کمپنی کے ڈیلرز الیکٹریکل جنکشن باکس میں کچھ فیوز تبدیل کریں گے۔ کِیا موٹرز نے مالکان کو گاڑیاں مکمل طور پر ٹھیک نہ ہونے تک حفاظتی اقدامات کے طور پر رہائشی عمارتوں سے دور پارک کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سافٹ وئیر کا مسئلہ، جرمن کمپنی نے 26 لاکھ مرسیڈیز گاڑیاں چین سے واپس منگوا لیں
گاڑیوں کی واپسی کی ایسی ہی تجویز جنوبی کوریا کی آٹو مارکیٹ میں بھی دی گئی ہے تاہم کِیا موٹرز کا کہنا ہے کورین مارکیٹ سے مذکورہ دونوں ماڈلز کی گاڑیوں میں شارٹ سرکٹ سمیت کسی بھی طرح کی آگ، کریش یا حادثات رپورٹ نہیں ہوئے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں جرمنی کی کار ساز کمپنی ڈیملر (Daimler) نے اپنی گاڑیوں میں سافٹ ویئر کے مسئلے کی وجہ سے چین میں موجود 26 لاکھ مرسڈیز بینز گاڑیاں واپس منگوا لی ہیں۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق چین کی سٹیٹ ایڈمنسٹریشن فار مارکیٹ ریگولیشنز نے کہا ہے کہ ان مرسڈیز گاڑیوں میں نصب سافٹ ویئر حادثے کی صورت میں گاڑی کے صحیح مقام کی نشاندہی کرنے میں ناکام ہو سکتا ہے جس کے باعث چین میں موجود 26 لاکھ مرسڈیز بینز گاڑیاں واپس جرمنی بھیجی جا رہی ہیں۔
تاہم مرسیڈیز بینز بنانے والی کمپنی ڈیملر اے جی کے چین میں موجود ترجمان نے اس معاملے پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال چین میں مرسیڈیز بینز کے سات لاکھ 74 ہزار 382 یونٹ فروخت ہوئے تھے۔