مارکیٹنگ کا گمراہ کن طریقہ کار، ہونڈائی نشاط کو شوکاز نوٹس جاری

ہنڈائی نشاط موٹرز نے ایسے اشتہارات شائع کیے تھے جن میں ہنڈائی ٹکسن کی 'تعارفی قیمت' کیساتھ ’مخصوص مدت‘ کا ڈسکلیمر غیرواضح تھا جس پر سی سی پی نے ازخود نوٹس لیا تھا

667

اسلام آباد: مسابقتی کمیشن (سی سی پی) نے میسرز ہونڈائی نشاط موٹر لمیٹڈ کو نئی متعارف کرائی گئی سپورٹس یوٹیلٹی وہیکل (ایس یو وی) Hyundai Tucson کی بادی النظر میں گمراہ کن مارکیٹنگ کے باعث شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

مسابقتی کمیشن میں اس حوالے سے انکوائری جاری تھی، سی سی پی نے کہا ہے کہ انکوائری کے نتیجے میں یہ سامنے آیا کہ کمپنی مسابقتی ایکٹ 2010ء کے سیکشن 10 کی مبینہ طور پر خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہے اور اسی بناء پر اسے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

ہنڈائی موٹرز نے پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اشتہارات شائع کیے تھے جن میں ہنڈائی ٹکسن کی ‘تعارفی قیمت’ شائع کی تھی اور اس کے ساتھ لکھا تھا کہ ‘یہ قیمت مخصوص مدت کیلئے ہے’، جس پر سی سی پی نے ازخود نوٹس لیا تھا۔

شائع کردہ اشتہارات میں اگرچہ ‘تعارفی قیمت’ واضح فونٹ سائز میں دیکھی جا سکتی ہے البتہ ڈسکلیمر واضح نظر نہیں آتا کیونکہ یہ چھوٹے فونٹ سائز میں شائع کیا گیا۔

سی سی پی کے نوٹس میں یہ بات بھی آئی کہ کمپنی نے ہنڈائی ٹکسن کار کی تعارفی قیمت پر بکنگ کیلئے 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت دیا، بعد ازاں یکایک اس کی قیمت 20 لاکھ تک کر دی گئی۔

24 گھنٹوں کے اندر ابتدائی بکنگ کے بعد کمپنی نے اعلان کیا کہ ٹکسن کے تمام یونٹس تعارفی قیمت پر بُک ہو چکے ہیں اور پھر کمپنی کی ویب سائٹ، فیس بک اور انسٹاگرام سے تعارفی قیمت کی فہرست کو ہٹا دیا گیا۔

مسابقتی کمیشن کے آفس آف فئیر ٹریڈ (او ایف ٹی) کو ایک انکوائری میں شائع ہونے والے اشتہارات میں گڑبڑ معلوم ہوئی کیونکہ صارفین کو مکمنہ طور پر ڈسکلیمر کی صورت میں گمراہ کیا گیا۔

آفس آف فئیر ٹریڈ نے اپنی انکوائری میں کہا کہ کمپنی نے صارفین کو واضح طور پر یہ نہیں بتایا کہ وہ کس وقت تعارفی قیمت کے لیے اپنا آرڈر بُک کروا سکتے ہیں اور اس قیمت پر کتنی گاڑیاں دستیاب ہیں۔

انکوائری کی تجویز پر ہنڈائی نشاط موٹر لمیٹڈ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور کمپنی کو سی سی پی میں پیش ہونے کے لیے 14 روز کا وقت دیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here