ریاض: سعودی عرب میں آجر اور اجیر کے درمیان ملازمت کا نیا معاہدہ اتوار 14 مارچ 2021ء سے نافذ ہو رہا ہے۔
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے مطابق ملازمت کا نیا معاہدہ نجی اداروں کے تمام غیرملکی کارکنان پر لاگو ہو گا اور یہ ابشر اور قوی پلیٹ فارم پر مہیا ہو گا۔
ملازمت کے نئے معاہدے کے اجراء کا مقصد آجروں اور اجیروں کے درمیان اختلافات کو کنٹرول کرنا، افرادی قوت کو بااختیار بنانا، باصلاحیت افراد کے لیے سعودی لیبر مارکیٹ کو پرکشش بنانا ہے۔
اس کا مقصد بین الاقوامی لیبر مارکیٹوں اور سعودی لیبر مارکیٹ کے درمیان مسابقت کا ماحول اور مسابقت کے بین الاقوامی گراف میں سعودی لیبر مارکیٹ کے گراف کو بلند کرنا بھی ہے۔
ملازمت کے نئے معاہدے کی بدولت غیرملکی کارکن آجر کی منظوری کے بغیر بھی ایک ادارے سے دوسرے ادارے میں منتقل ہو سکتا ہے۔ غیرملکی کارکن اپنا خروج و عودہ (ایگزٹ ری انٹری) خود نکال سکتا ہے تاہم ایسا کرتے وقت اسے آجر کو آن لائن مطلع کرنا ہو گا۔
غیرملکی کارکن ملازمت کا معاہدہ مکمل ہونے پر آجر کی منظوری کے بغیر سعودی عرب سے سفر کر سکتا ہے، غیرملکی کارکن کو آجر کے یہاں 12 ماہ تک ملازمت کرنا ہو گی یا غیرملکی کارکن کا قانون محنت کے مطابق ہنرمندوں کے زمرے میں شامل ہونا ضروری ہو گا، آجر اور اجیر کو ملازمت کا مصدقہ معاہدہ کرنا ہو گا۔