ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی، سٹیٹ بینک معلوماتی سیمینارز منعقد کرائے گا

اکثر ایس ایم ایز بینکوں سے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار سے ناواقف ہیں جس کی آگاہی کیلئے تمام کمرشل بینکوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں: ترجمان سٹیٹ بینک آف پاکستان

211

فیصل آباد: سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کی حوصلہ افزائی سمیت انہیں قرضوں کے حصول میں درپیش دشواریوں کا بروقت ازالہ کرنے کیلئے تمام کمرشل بینکوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

سٹیٹ بینک نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری حضرات کو قرضوں کی فراہمی کیلئے مختلف شہروں میں معلوماتی سیمینارز کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ مذکورہ طبقہ کی نہ صرف حوصلہ افزائی کی جا سکے بلکہ انہیں تمام ممکنہ مراعات اور سہولیات فراہم کر کے ملکی معاشی اور اقتصادی ترقی میں بھی حصہ دار بنایا جا سکے۔

سٹیٹ بینک کے ترجمان نے بتایا کہ اکثر ایس ایم ایز بینکوں سے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار سے ناواقف ہیں جس کی آگاہی کیلئے تمام کمرشل بینکوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد بزنس کمیونٹی کو صنعت و حرفت کے جدید تقاضوں سے روشناس کرانا، اس سلسلہ میں ہر طرح کی معلومات بہم پہنچانا اور جس حد تک ممکن ہو سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو معاشی حوالے سے جن مشکل حالات کا سامنا ہے ان کا تقاضہ ہے کہ ہماری کاروباری برادری کاروبار کے جدید تقاضوں کا ادراک کرے اور مستقبل میں پیش آنے والے مسائل سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت منصوبہ بندی کی جائے۔

ترجمان سٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ فیصل آباد کی علاقائی معیشت زیادہ تر ایس ایم ایز سے وابستہ ہے لہٰذا اس حوالے سے بہت ساری گھریلو صنعت اس منظم سیکٹر میں کام کر رہی ہے جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور علاقائی معیشت کی نمو بھی اسی سے منسلک ہے اس لئے بڑھتی ہوئی مہنگائی کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ ایس ایم ایز کو فروغ دیا جائے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here