سستے گھروں کی تعمیر کیلئے قرضے، وزارت ہائوسنگ نے ڈیڑھ ارب روپے کی گرانٹ مانگ لی

619

اسلام آباد: وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی سے وزیراعظم کی سستی ہاؤسنگ سکیم کے تحت قرض گزاروں کو بِلا سود قرض کی تقسیم کے لیے1500 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری طلب کرلی۔ 

ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس آئندہ ہفتے منعقد ہونے کا امکان ہےجس میں مالی سال 2021 کے لیے وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے مختص کردہ فنڈز سے متعلق فیصلے کی توقع ہے۔

مالی سال 2020ء میں خزانہ ڈویژن نے کم لاگت ہاؤسنگ سکیم کے لیے 5000 ملین روپے کے فنڈز فراہم کیے تھے۔ حکومت نے اپنے مجاز نمائندے کے ذریعے اخوت اسلامک مائیکروفنانس (اے آئی ایم) کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے ذریعے ملک میں مستحق خاندانوں اور متوسط طبقے کو قرض دیے جانے تھے۔ تاہم، کورونا وائرس کی وجہ سے 3000 ملین روپے کے قرض ہی دیے جا سکتے ہیں جبکہ بقیہ کی 2000 ملین روپے کی رقم دستیاب نہیں ہو سکتی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے خزانہ ڈویژن سے بقیہ کی 2000 ملین روپے کی رقم فراہم کرنے کی درخواست کی تھی اور مالی سال 2021 کے لیے 1500 ملین روپے کے فنڈز مختص کیے گئے تاکہ اے آئی ایم کے بلاسود قرضوں کی فراہمی کے معاہدے کے مطابق فنڈز جاری کیے جا سکیں۔

ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ خزانہ ڈویژن نے متعلقہ حکام کو ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈویژن کے لیے ضروری فنڈز دستیاب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here