مالی سال کے آٹھ ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 10.64 فیصد بڑھ گیا

جولائی 2020ء سے لے کر فروری 2021ء کے دوران ملکی برآمدات میں 4.29 فیصد جبکہ درآمدات میں 7.49 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے

470

اسلام آباد: ملکی تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 10.64 فیصداضافہ ہوا ہے۔

جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ملکی برآمدات میں 4.29 فیصد جبکہ درآمدات میں 7.49 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر فروری 2021ء تک کی مدت میں ملکی برآمدات کا حجم 16.401 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے پہلے آٹھ ماہ کی مدت کے مقابلہ میں 4.29 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی برآمدات کا حجم 15.633 ارب رہا تھا۔

اعدادوشمار کے مطابق پہلے آٹھ ماہ میں ملکی درآمدات میں 7.49 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جولائی سے لیکر فروری 2021ء تک کی مدت میں درآمدات کا حجم 33.84 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں درآمدات کا حجم 31.48 ارب ڈالر رہا تھا

اعدادوشمار کی بنیاد پر تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں 10.64 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں تجارتی خسارہ کا حجم 17.53 ارب ڈالر رہا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں تجارتی خسارہ کا حجم 15.85 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

فروری 2021ء میں ملکی برآمدات کا حجم 2.049 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو فروری 2020ء کے مقابلہ میں 4.12 فیصد کم ہے جبکہ فروری 2020ء میں ملکی برآمدات کا حجم 2.137 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

فروری کے مہینہ میں درآمدات میں گزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 9.55 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، فروری میں درآمدات کا حجم 4.56 ارب ڈالر رہا۔ گزشتہ سال فروری میں درآمدات کا حجم 4.16 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اعدادوشمار کے مطابق فروری 2021ء میں گزشتہ برس کے اسی مہینے کے مقابلے میں درآمدات اور برآمدات کے خلاء میں 2.5 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا یعنی گزشتہ سال کی نسبت 24 فیصد اضافے سے 48 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تجارتی خسارہ بڑھا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here