اب آپ ڈیسک ٹاپ سے بھی وٹس ایپ آڈیو ویڈیو کال کر سکیں گے

191

کیلی فورنیا: فیس بُک نے وٹس ایپ کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں آواز اور ویڈیو کے فیچر متعارف کرا دیے ہیں جس کے بعد  صارفین کیلئے ڈیسک ٹاپ سے آڈیو ویڈیو کال کرنا ممکن ہو گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق اب صارفین ڈیسک ٹاپ سکرینوں کو پورٹریٹ اور لینڈ سکیپ دونوں طریقوں سے محفوظ کالز کے لیے استعمال کر سکیں گے۔

بڑی سکرینوں پر ان نئے فیچر کو متعارف کرانے کے بعد وٹس ایپ بھی ویڈیو کانفرنس کی خدمات مہیا کرنے والی بڑی کمپنیوں زوم اور گوگل میٹ کے ہم پلہ آ جائے گی لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا فیس بُک ان دونوں کمپنیوں کے ساتھ کوئی مسابقت بھی چاہتی ہے یا نہیں۔

اس وقت وٹس ایپ کو دنیا بھر میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد استعمال کر رہی ہے۔ وٹس ایپ نے نئے سال کے آغاز پر ایک ارب 40 کروڑ آڈیو اور ویڈیو کالیں ریکارڈ کی تھیں۔

گزشتہ سال دنیا میں کووڈ-19 کی وبا پھیلنے کے بعد اس ایپ کو استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور وہ گھروں میں قیام، قرنطینہ یا تنہائی کے وقت اس ایپ سے ویڈیو کال کے ذریعے اپنے پیاروں سے رابطے میں رہے ہیں۔

اس کے علاوہ وبا کے دوران میں اس ایپ کو تدریسی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا گیا ہے اور کیا جا رہا ہے۔ اساتذہ اپنے شاگردوں کو وٹس ایپ کے ذریعے تحریری اور تقریری شکل میں اسباق بھیجتے یا ان سے تعلیمی مقاصد کے لیے رابطے میں رہتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فیچر کی سہولت ابھی انفرادی صارفین کے لیے ونڈو پی سیز اور میک آپریٹنگ سسٹم (Mac OS) کے لیے دستیاب ہے جس کا مطلب یہ ہے صارفین ڈیسک ٹاپ پر فی الحال گروپ وائس اور ویڈیو کالز نہیں کر پائیں گے۔ تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں گروپ وائس اور ویڈیو کالز کے فیچر کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ڈیسک ٹاپ سے وٹس ایپ کال کیسے کی جائے؟

جس نمبر پر آپ آڈیو کال کرنا چاہتے ہیں اس نمبر پر انفرادی چیٹ کھولیں۔  وائس کال آئیکون پر کلک کریں تو کال شروع ہو جائے گی۔

کسی کی کال ڈیسک ٹاپ پر ریسیو کرنے کے لیے  (Accept) کال پر کلک کریں۔ اگر آپ کال نہیں اٹھانا چاہتے تو Decline Call پر کلک کریں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here