پشاور: وزیر مملکت اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف بخاری نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری، جامع معاشی و صنعتی ترقی، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور برآمدی پیداوار کو فروغ دینے جیسے اہداف کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔
جمعرات کو پشاور میں وفاقی سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) کے زیراہتمام ’سی پیک صنعتی تعاون کانفرنس‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، 100 سے زائد بین الاقوامی کمپنیوں نے کانفرنس میں ورچوئلی شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف بخاری نے کہا کہ اقتصادی زونز ایک خوشحال اور صنعتی پاکستان کا باعث بنیں گے، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں نجی شعبے کو آگے آ کر قائدانہ کردار ادا کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اِن زونز میں ٹیکسٹائل انجینئرنگ، بجلی اور الیکٹرانکس، کیمیکل، پینٹ، زراعت اور فوڈ پروسیسنگ، سٹیل اور پیکیجنگ کے شعبوں کی صنعتیں قائم کی جائیں گی۔ پاک چین جغرافیائی قربت اِن اقتصادی زونز کی آباد کاری اور باہمی معاشی فوائد کے حصول میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
’گوادر میں 40 کمپنیوں کی سرمایہ کاری، 200 مزید تیار‘
خیبرپختونخوا: ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کیلئے ڈیجیٹل سسٹم متعارف
بجلی کی ترسیل اور تقسیم کیلئے خیبرپختونخوا نے اپنی الگ ٹرانسمیشن کمپنی کا لائسنس حاصل کر لیا
عاطف بخاری کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری بورڈ نے اقتصادی زونز کو تمام سہولیات کی فراہمی و مراعات دینے کا عمل تیز کر دیا ہے۔ ایسی پالیسیاں مرتب کرنا ہماری ترجیح ہے جن سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے سرمایہ کاری بورڈ پانچ شعبوں کو ترجیح دے رہا ہے جن میں آئی ٹی انڈسٹری، ہاﺅسنگ و تعمیرات، فوڈ پراسیسنگ و زراعت، سیاحت اور لاجسٹکس شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا کے سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حسن داد نے کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ پاک چین اقتصادی رہداری کے تحت خیبرپختونخوا کے اہم منصوبے رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں تیزی سے کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہزار ایکڑ اراضی پر مشتمل یہ زون صوبے میں تیز رفتار صنعت کاری کے فروغ کے لئے سنگ میل ثابت ہو گا۔ وفاقی حکومت کے منصوبے کے مطابق اس زون کو تین مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا اور اس کیلئے 210 میگاواٹ بجلی تین مرحلوں میں حکومت فراہم کرے گی۔
حسن داد کا کہنا تھا کہ اس زون کے لئے 1203 ملین روپے گیس کی مد میں رکھے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 247 ایکڑ، دوسرے میں 355 ایکڑ اور تیسرے مرحلے میں 399 ایکڑ زمین ڈویلپ کی جائے گی جبکہ 80 فیصد مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ خیبرپختونخوا میں بین الاقوامی کانفرنسیں ہو رہی ہیں، جہاں پہلے لوگ آنے سے ڈرتے تھے، آج 100 سے زائد انٹرنیشنل کمپنیاں سوشل میڈیا کے ذریعے اس تقریب کا حصہ ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں تیمور سلیم جھگڑا نے کہاکہ سی پیک سست روی کا شکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں، صوبے کے آئی ٹی ہائوسز میں بھی سرمایہ کاری ہونی چاہیے، کے پی کے آئی ٹی سیکٹر میں سب سے کم ٹیکس ہے، ہمیں جہاں اچھا پارٹنر ملے گا اسے سہولیات دیں گے۔