اسلام آباد: گزشتہ دنوں یہ خبریں سامنے آئیں تھیں کہ استنبول سے اسلام آباد کے لیے کارگو ٹرین کم و بیش نو سال کے تعطل کے بعد 4 مارچ کو بحال ہو رہی ہے۔
اب اس خبر کی تصدیق وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داد کی جانب سے کی گئی ہے، ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ استنبول ۔ تہران ۔ اسلام آباد (آئی ٹی آئی) فریٹ ٹرین 9 سال بعد 4 مارچ 2021ء سے دوبارہ شروع ہو رہی ہے، یہ ٹرین 12 دن میں یکطرفہ سفر پورا کرے گی۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان اور ترکی کے درمیان کارگو ٹرین سروس ایک دہائی بعد بحال
رزاق دائود نے کہا ہے کہ آئی ٹی آئی فریٹ ٹرین کی بحالی پر انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین میں 750 ٹن سامان کی گنجائش ہو گی، اس سے تینوں ممالک کے درمیان تجارتی سامان کے نقل و حمل میں آسانی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان پر بھی زور دیا کہ وہ تجارت کے اس متبادل راستے سے فائدہ اٹھائیں تاکہ پاکستان کی برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔
واضح رہے کہ واضح رہے ترکی اور پاکستان کے درمیان براستہ ایران پہلی ‘ای سی او کارگو ٹرین’ 14 اگست 2009ء میں شروع ہوئی تھی لیکن 2011 میں اسے ناگزیر وجوہات کی بناء پر بند کرنا پڑا، آخری کارگو ٹرین اسلام آباد سے استنبول کے لئے 5 نومبر 2011ء کو روانہ ہوئی تھی۔
ایک دہائی بعد دوبارہ شروع ہونے والی کارگو ٹرین ہر مہینے کی پہلی جمعرات کو روانہ ہو گی، اس ٹرین کی لمبائی 420 میٹر ہو گی۔ ترکی، ایران اور پاکستان کے درمیان ہونے والے نئے معاہدے کے تحت استنبول کے ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہونے والی کارگو ٹرین ایران تک 90 گھنٹے اور ایران سے پاکستان تک 135 گھنٹے سفر کرے گی۔