پاکستان اور سعودی عرب کے تجارتی حجم میں 25 فیصد کا نمایاں اضافہ

690

اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 25.17 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

جاری مالی سال میں سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں کمی جبکہ سعودی عرب سے درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات کا حجم 27 کروڑ 61 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 1.03 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے سات ماہ میں سعودی عرب کو 27 کروڑ 89 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

جنوری 2021 میں سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات کا حجم تین کروڑ 18 لاکھ 70 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوری 2020ء کے دوران یہ حجم تیئ کروڑ 57 لاکھ 50 ہزار ڈالر رہا تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں سعودی عرب سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 33.32 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جولائی سے لے کر جنوری 2021ء تک کی مدت میں سعودی عرب سے ایک ارب 19 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب سے درآمدات کا حجم 89 کروڑ 39 لاکھ 10 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جنوری 2021ء میں سعودی عرب سے 15 کروڑ 46 لاکھ 10 ہزار ڈالر کی درآمدات کی گئیں جبکہ جنوری 2020ء میں سعودی عرب سے درآمدات کا حجم 14 کروڑ 64 لاکھ 10 ہزار ڈالر رہا تھا۔

مالی سال 2020ء کے دوران سعودی عرب کو مجوعی پاکستانی برآمدات کا حجم 45 کروڑ 38 لاکھ 60 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ مجموعی درآمدات کا حجم ایک ارب 28 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here