لاہور: پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے 31 دسمبر 2020 تک ختم ہونے والی پہلی ششماہی کے مالی نتائج جاری کر دیے، کمپنی کو 7 فیصد اضافے سے 26.10 ارب روپے کی آمدن ہوئی ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجی گئی مالیاتی رپورٹ کے مطابق کمپنی کی آمدن میں اضافے کی بنیادی وجہ آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کی لاگت میں واضح کمی ہے۔
مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران کمپنی کی فی حصص آمدن گزشتہ برس کے اسی عرصہ کے 8.98 روپے کے مقابلے میں 9.59 روپے فی حصص رہی۔
کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30 جون 2021ء تک ختم ہونے والے سال کے لیے عام شئیرز پر 1.50 روپے فی شئیر عبوری کیش ڈیویڈنڈ اور کنورٹیبل پریفرنس شئیرز پر 1.50 روپے فی شئیر ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا ہے۔ یہ ڈیویڈنڈ اُن ارکان میں تقسیم کیا جائے گا جو 21 اپریل 2021ء تک کاروبار بند ہونے پر کمپنی میں رجسٹرڈ ہوں۔
سال 2020ء کے دوران کمپنی کی آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کی لاگت 14.26 ارب روپے کے مقابلے میں چار گنا کم ہو کر 3.26 ارب روپے پر آ گئی۔
پہلی ششماہی کے دوران ‘سوئی ویل ہیڈ’ کی قیمت 8 فیصد گرنے، گیس کی پیداوار میں ایک فیصد کمی اور تیل کی قیمتوں میں 32 فیصد کمی کی وجہ سے مجموعی طور پر کمپنی کی خالص سیلز میں 12 فیصد کمی آئی اور یہ 75.54 ارب روپے ریکارڈ کی گئیں۔