اسلام آباد: وفاقی حکومت نے دوسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اوگرا کی تجویز مسترد کر دی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً 6 سے 7 روپے فی لٹر اضافے کی تجویز دی گئی لیکن وزیراعظم عمران خان نے اوگرا کی تجویز مسترد کر دی ہے۔
شہباز گل کے مطابق تین بین الاقوامی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود وزیراعظم پاکستان نے اضافے کی اجازت نہیں دی اور مارچ 2021ء کے آئندہ 15 روز کیلئے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی پرانی قیمتیں برقرار رہیں گی۔
واضح رہے کہ یہ دوسری بار ہوا کہ وزیراعظم عمران خان اوگرا کی سمری مسترد کر دی ہے، اس سے قبل 15 فروری کو جب اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھیجی تھی تو وزیراعظم عمران خان نے سمری مسترد کر دی تھی۔
پٹرول کی موجودہ قیمت 111 روپے 90 پیسے فی لٹر، ڈیزل 116 روپے 8 پیسے فی لٹر، مٹی کا تیل 80 روپے 19 پیسے فی لٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قمیت 79 روپے 23 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔ یہ قیمتیں یکم فروری 2021ء کو مقرر کی گئی تھیں۔