اسلام آباد: پاکستان میں مشترکہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 2.41 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
ہفتہ رفتہ میں 25 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، پانچ کی قیمت میں کمی اور21 اشیاء کی نرخوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 25 فروری 2021ء کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 2.41 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ہفتہ کے دوران کیلا کی قیمت میں 4.25 فیصد، دال چنا 2.43 فیصد، مرغی 2.14 فیصد، آلو و سرسوں کا تیل 1.39 فیصد، ڈھائی کلو بناسپتی گھی 2.5 فیصد مہنگا ہوا، چائے 1.08 فیصد، بجلی 64.59 فیصد اور کپڑوں کی قیمت میں 2.96 فیصد کا اضافہ ہوا۔
ہفتہ کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 6.04 فیصد، پیاز 2.42 فیصد، ایل پی جی 2.03 فیصد، گڑ 0.15 فیصد اور جلانے کی لکڑی کی قیمت میں 0.01 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔
سالانہ بنیادوں پر افراط زر کی شرح میں گزشتہ سال کے مقابلہ میں 13.89 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ہفتہ میں سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے مہنگائی کی شرح میں 6.65 فیصد کا اضافہ ہوا۔
17 ہزار 733 روپے سے سے لے کر 22 ہزار 888 روپے ماہانہ آمدن والے گروپ کیلئے مہنگائی میں 3.57 فیصد، 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے ماہانہ آمدنی کے حامل گروپ کیلئے مہنگائی کی شرح میں 1.95 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح 29 ہزار 518 روپے سے لے کر 44 ہزار 175 روپے ماہوار آمدن والے گروپ کیلئے مہنگائی میں 1.29 فیصد اور 44 ہزار 175 روپے ماہوار سے آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے مہنگائی کی شرح میں 1.47 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔