اسلام آباد:عالمی منڈی میں نان ٹیکسٹائل کی برآمدات کورونا وائرس سے پہلے کی سطح پر آنے کی وجہ سے مالی سال 2021 کے پہلے سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران پاکستان کے نان ٹیکسٹائل ایکسپورٹس سالانہ اعتبار سے 1.85 فیصد اضافے سے 5.49 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی ہیں۔
تاہم، ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2021 کے پہلے سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران اس شرح نمو میں اضافہ صرف ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات میں ہی دیکھا گیا ہے۔
اعدادوشمار سے معلوم ہوتا ہے کہ کئی ممالک میں لاک ڈاؤن کے باوجود جن شعبوں کی برآمدات میں اضافہ برقرار رہا ان میں لیدر گارمینٹس، سرجیکل آلات اور انجنئیرنگ کی مصنوعات شامل ہیں۔
اس دوران، رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے مقابلے میں گزشتہ برس کی اسی مدت کے دوران فوڈ باسکٹ کی برآمدات میں 6.33 فیصد کمی دیکھی گئی۔
طویل عرصے کے بعد لیدر ایکسپورٹس میں بھی 6.86 فیصد کا اضافہ ہوا۔ انجنئیرنگ مصنوعات کی برآمدات میں 22.78 فیصد اور سرجیکل آلات کی برآمدات میں 4.07 فیصد کا اضافہ ہوا۔