لاہور میں چار ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے ایل ڈی اے اور بینک آف پنجاب کے درمیان معاہدہ

10 ارب روپے کی لاگت سے 800 کنال اراضی پر چار ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے، معاہدے کے تحت بینک آف پنجاب ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کیلئے مالی وسائل مہیا کرے گا

686

لاہور: پنجاب میں بے گھر افراد کیلئے چار ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کیلئے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) اور بینک آف پنجاب کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔

10 ارب روپے کی لاگت سے 800 کنال اراضی پر چار ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے، معاہدے کے تحت بینک آف پنجاب ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کیلئے مالی وسائل مہیا کرے گا-

وزیراعلی آفس میں منعقدہ تقریب میں چار ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کے لئے معاہدے پر دستخط کئے گئے، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے- ایل ڈی اے کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ جبکہ بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے معاہدے پر دستخط کئے۔

معاہدے کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اپارٹمنٹس تعمیر کرے گی اور اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ کے لئے شفاف طریقے سے قرعہ اندازی ایل ڈی اے کی ذمہ داری ہو گی، اپارٹمنٹس کا قبضہ دینے کے بعد عمارتوں اور انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال ایل ڈی اے کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے:

ہائوسنگ فنانس کے حصول کا طریقہ کار آسان کر دیا: سٹیٹ بینک

’ہائوسنگ سیکٹر میں رواں سال 660 ارب کے منصوبوں کا آغاز ہو گا‘

’مختلف کمپنیوں کا 830 ارب کے دو لاکھ سے زائد ہائوسنگ یونٹس کی تعمیر کیلئے اظہار دلچسپی‘

بینک آف پنجاب الاٹمنٹ کیلئے درخواستیں وصول کرے گا اور متوقع الاٹیوں کو لیٹر آف کمفرٹ جاری کرے گا، بینک قرعہ اندازی میں کامیاب درخواست گزاروں کو اسلامک مارگیج فنانسنگ کے تحت آسان شرائط پر قرض مہیا کرے گا، اس منصوبے کیلئے مہیا کی جانے والی رقم کسی اور مقصد یا منصوبے پر خرچ نہیں ہو سکے گی-

وزیراعلی عثمان بزدار نے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنے کے ویژ ن کو آج عملی تعبیر دی ہے اور پنجاب حکومت نے چار ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کے خواب کو عملی جامع پہنانے کی طرف اہم قدم اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور بینک آف پنجاب کے درمیان معاہدہ تاریخ ساز ہے، یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان میں عام شہریوں کو رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے لئے سرکاری محکموں اور قومی بینکوں نے ایک دوسرے سے تعاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ معاہدہ پاکستان میں رہائشی مکانات کی فراہمی کیلئے ایک نئے کلچر کا نقطہ آغاز ثابت ہو گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مارگیج فنانسنگ کے ذریعے عام شہری بھی اپنے گھروں کے مالک بن سکیں گے، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ایل ڈی اے سٹی ہاسنگ سکیم میں شامل موضع ہلوکی میں واقع ساڑھے آٹھ ہزار کنال اراضی پر تین سال کی مدت میں 35 ہزار 24 اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، یہ جگہ رنگ روڈ سے ملحقہ ہے اور فیروز پور روڈ اور ڈیفنس روڈ سے بھی قریب ہے، ان اپارٹمنٹس کیلئے مختص کی جانے والی اراضی پر سڑکوں، واٹر سپلائی، سیوریج، زیر زمین بجلی کی ترسیل اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے 20 ارب روپے کا پی سی وَن منظور کر لیا گیا ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں چار ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کیلئے 10 ارب روپے کا پی سی وَن منظور کر لیا گیا ہے، اپارٹمنٹ کی قیمت تقریباََ 27 لاکھ روپے ہو گی اور بکنگ صرف 10 فیصد ڈائون پے منٹ سے کروائی جا سکے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اپارٹمنٹ کی باقی قیمت کی ادائیگی قسطوں میں ہو گی اور قبضہ صرف ڈیڑھ سال کی مختصر مدت میں الاٹی کے حوالے کر دیا جائے گا، ابتدائی طور پر اپارٹمنٹ کی لاگت کا تخمینہ تقریباََ 45 لاکھ روپے لگایا گیا تھا تاہم وزیراعظم کے ویژن کے تحت کم آمدنی والے لوگوں کو سہولت مہیا کرنے کیلئے اپارٹمنٹ کی قیمت تقریباََ 27 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مارگیج فنانسنگ کی سہولت فراہم کرنے کی خاطر سات بینکوں کا کنسورشیم قائم کر دیا گیا ہے جن میں پنجاب بینک، حبیب بینک، فیصل بینک، بینک الفلاح، یو بی ایل، میزان بینک اور نیشنل بینک شامل ہیں، یہ قرضے پانچ سے 10 اور 20 سال کی مدت میں واجب الادا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبے پر فاسٹ ٹریک پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے خصوصی ڈائریکٹوریٹ قائم کر دیا گیا ہے، حکومت پنجاب وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے تحت عوام کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لانے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔

اس موقع پر وزیراعلی عثمان بزدار کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ چار منزلہ اپارٹمنٹس کے 125 بلاک تعمیر کئے جائیں گے اور ایک بلاک 32 رہائشی یونٹوں پر مشتمل ہو گا، اپارٹمنٹس بلاکس میں 60 فیصد سے زیادہ جگہ سڑکوں، گرین بیلٹس پارک اور فٹ پاتھ وغیرہ کیلئے رکھی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر اپارٹمنٹ کا رقبہ 650 مربع فٹ ہو گا اور ہر اپارٹمنٹ دو بیڈروم، دو باتھ روم (ایک اٹیچڈ دوسرا ڈی ٹیچڈ) اور بالکونی پر مشتمل ہو گا، قسطوں کی ادائیگی قبضہ ملنے کے بعد شروع ہو گی۔

وزیراعلیٰ آفس میں منعقد ہونے والی تقریب میں صوبائی وزیر ہاسنگ میاں محمود الرشید، اراکین پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا، عمرآفتاب، وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران، وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز،سیکرٹری ہاﺅسنگ، سیکرٹری اطلاعات،بینک آف پنجاب کے حکام،چیف انجینئر ایل ڈی اے، ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی،ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی-

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here