فوجی سیمنٹ کی پیداواری استعداد میں اضافہ کیلئے نیا پلانٹ لگانے کی منظوری

ڈیرہ غازی خان میں 2.05 ملین ٹن سالانہ پیداواری صلاحیتوں کا حامل گرین فیلڈ سیمنٹ پلانٹ لگایا جائیگا، بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منظوری دے دی

1055

اسلام آباد: فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ایف سی سی ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کی سیمنٹ کی پیداواری استعداد میں اضافہ کے لیے مزید سرمایہ کاری کی منظوری دی ہے۔

ایف سی سی ایل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ڈیرہ غازی خان میں 2.05 ملین ٹن سالانہ پیداواری صلاحیتوں کے حامل گرین فیلڈ سیمنٹ پلانٹ کی تنصیب کی منظوری دے دی ہے۔

ایف سی سی ایل نے اس حوالہ سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ایک نوٹس کے ذریعے آگاہ کر دیا ہے، منصوبے کی کل لاگت کے بارے میں سپلائرز اور کنٹریکٹرز سے تفصیلی مشاورت کے بعد آگاہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے:

پاک افغان تجارت میں رکاوٹیں، سیمنٹ کی برآمدات متاثر، 8.6 فیصد کمی

پیداواری، ترسیلی لاگت بڑھنے سے جنوری میں سیمنٹ کی برآمدات میں 14 فیصد کمی 

کمپنی نے کہا ہے کہ نئے پلانٹ کا تعمیراتی کام رواں مالی سال میں شروع ہونے کی توقع ہے جو 2.5 سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ایف سی سی ایل) کی بعد از ٹیکس آمدنی میں 232 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

کمپنی کی مالیاتی رپورٹس کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2020ء کے دوران ایف سی سی ایل کا خالص منافع ایک ارب 60 کروڑ روپے روپے سے زائد رہا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2019ء کے دوران کمپنی کو 48 کروڑ 22 لاکھ روپے بعد از ٹیکس آمدنی ہوئی تھی۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران فوجی سیمنٹ لمیٹڈ کی بعد از ٹیکس آمدنی میں ایک ارب 11 کروڑ 89 لاکھ روپے یعنی 232 فیصد نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں کمپنی کی فی حصص آمدنی بھی 0.35 روپے کے مقابلہ میں 1.16 روپے فی حصص تک پہنچ گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here