اسلام آباد: پاک افغان تجارت میں رکاوٹوں کے باعث پاکستانی سیمنٹ کی برآمدات میں سالانہ اعتبار سے 8.58 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
دسمبر 2019ء میں 21 ملین ڈالر کی سیمنٹ کی برآمدات کے مقابلے میں دسمبر 2020ء میں برآمدات کا حجم 19.253 ملین ڈالر رہا۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) نے سیمنٹ کی برآمدات میں کمی کی وجہ بندرگاہوں کی بندش، پاک افغان تجارتی سرگرمیوں میں رکاوٹوں اور کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی خریداروں کی جانب سے طلب میں کمی کو قرار دیا ہے۔
تاہم نومبر 2020 کے مقابلے میں دسمبر 2020 کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں 6.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، نومبر 2020 میں 18.129 ملین ڈالر کی سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیے:
پہلی سہ ماہی میں سیمنٹ کی برآمدات میں 8.27 فیصد اضافہ
پانچ ماہ کے دوران سیمنٹ سیکٹر کی برآمدات میں 21.54 فیصد اضافہ
مقدار کے لحاظ سے ماہانہ بنیادوں پر سیمنٹ کی برآمدات میں 19 فیصد جبکہ سالانہ اعتبار سے 7.52 فیصد اضافہ ہوا، دسمبر 2020ء میں 593215 میٹرک ٹن سیمنٹ برآمد کیا گیا جبکہ نومبر 2020ء میں 498091 میٹرک ٹن اور دسمبر 2019ء میں 551729 میٹرک ٹن سیمنٹ برآمد کیا گیا تھا۔
مالی سال 2020-21ء کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) کے دوران سیمنٹ کی مجموعی برآمدات میں سالانہ اعتبار سے 1.61 فیصد کمی ہوئی، مالیت کے لحاظ سے دسمبر 2019ء کی پہلی ششماہی میں 145.26 ملین ڈالر سے کم ہو کر جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں 142.927 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا۔
یہ بھی مدِ نظر رہے کہ جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں گزشتہ برس کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8.27 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا۔
پاکستان نے گزشتہ برس کی پہلی سہ ماہی کے دوران 66.773 ملین ڈالر جبکہ جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 72.296 ملین ڈالر سیمنٹ کی برآمدات کیں، مقدار کے لحاظ سے گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی کے 1688687 میٹرک ٹن کے مقابلے میں رواں برس کی پہلی سہ ماہی کے دوران 30 فیصد اضافہ سے 2196835 میٹرک ٹن سیمنٹ برآمد کیا گیا۔