اسلام آباد: جاری مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی سات ماہ کے دوران پاکستان کی سیمنٹ کی برآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (ایس بی پی) کے مطابق جولائی سے لے کر جنوری 2021ء تک کی مدت میں سیمنٹ کی برآمدات سے ملک کو 16 کروڑ 36 لاکھ 70 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی سات ماہ کے مقابلہ میں 3.80 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سیمنٹ کی برآمدات سے ملک کو 17 کروڑ ایک لاکھ 33 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:
فوجی سیمنٹ کی پیداواری استعداد میں اضافہ کیلئے نیا پلانٹ لگانے کی منظوری
چھ ماہ میں فوجی سیمنٹ کو ایک ارب 60 کروڑ، ڈی جی خان سیمنٹ کو 80 کروڑ روپے منافع
تاہم مقدار کے لحاظ سے جاری مالی سال کے ابتدائی سات ماہ میں سیمنٹ کی برآمدات میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور 49 لاکھ 32 ہزار 501 میٹرک ٹن سیمنٹ برآمد کیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 45 لاکھ سات ہزار 145 میٹرک ٹن سیمینٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔
جنوری 2021ء میں سیمنٹ کی برآمدات میں جنوری 2020ء کے مقابلہ میں 16.58 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادھر آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں کوئلے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس کی وجہ سے سیمنٹ سیکٹر کو پیداواری لاگت میں اضافے کا سامنا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے لیکن انڈسٹری کیلئے اس کی بنیادی اِن پٹ میں اضافہ کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔
سیمنٹ مینوفیکچررز کا مزید کہنا ہے کہ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں ترسیلی لاگت بڑھ چکی ہے۔ اسی لیے گزشتہ تین ماہ کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں کمی ہو رہی ہے کیونکہ سیمنٹ مینوفیکچررز فیول کی لاگت میں اضافے کی وجہ سے مسابقت کھو رہے ہیں۔