ملتان: ضلع ملتان میں اسلحہ کے 857 جعلی لائسنسوں کی تصدیق کرنے والے نادرا کے چھ اہلکاروں کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملتان قمرالزمان قیصرانی نے ڈپٹی کمشنر کو اسلحہ کے جعلی لائسنسوں کی تصدیق کی نشاندہی کی تھی جس پر ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز رانا اخلاق احمد کی سربراہی میں انکوائری ٹیم تشکیل دی۔
انکوائری کے نتیجے میں انکشاف ہوا کہ 857 ایسے لائسنسوں کی تصدیق کی گئی جو جعلی تھے، مذکورہ لائسنس نادرا ملازمین کی ملی بھگت سے بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے نقلی انگوٹھوں کے نشان کے تحت اصلی قرار دئیے گئے تھے۔
اتنی بڑی تعداد میں غیرقانونی اور جعلی لائسنسوں کی تصدیق نادرا کے اسلحہ لائسنس پراجیکٹ کے مظفر گڑھ، راجن پور اور پاکپتن میں قائم دفاتر کے ذریعے کی گئی۔
انکوائری مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر ملتان نے رپورٹ نادرا ہیڈآفس کو ارسال کر دی جس کی روشنی میں نادرا نے اپنے چھ ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
برخاست ہونے والوں میں جونیئر ایگزیکٹوز عمیر جاوید، محمد حسنین قریشی، سیف الرحمان اور محمد سلمان کے علاوہ نائب قاصد جعفر احمد اور چوکیدار محمد شہباز انور شامل ہیں۔