سات ماہ میں پاکستان کے فنانشل اور ٹرانسپورٹ سیکٹرز کے تجارتی خسارہ میں نمایاں کمی

جولائی 2020ء تا جنوری 2021ء کے دوران فنانشل سروسز سیکٹر کا تجارتی خسارہ میں 18.6 فیصد کم ہوا جبکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں 23.59 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی

186

اسلام آباد: جاری مالی سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران مالیاتی اور سفری خدمات کے شعبوں کے تجارتی خسارہ میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں مالیاتی خدمات کے شعبہ کے تجارتی خسارہ کا حجم چار کروڑ 30 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے پانچ کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 18.6 فیصد کم رہا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے لے کر جنوری 2021ء تک کی مدت میں مالیاتی خدمات کی برآمدات سے پاکستان کو پانچ کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے چار کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے مقابلہ میں 17.19 فیصد زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان کا ٹیکسٹائل سیکٹر پائوں پر کھڑا ہونے لگا، برآمدات میں ریکارڈ اضافہ

جنوری 2021ء میں مالیاتی خدمات کی برآمدات سے پاکستان کو ایک کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو جنوری 2020ء کے ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر  سے قدرے کم رہا۔

اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں مالیاتی خدمات کی درآمدات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، جولائی سے لیکر جنوری 2021ء تک کی مدت میں مالیاتی خدمات کی درآمدات پر 9 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں بھی 9 کروڑ 70 لاکھ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جنوری 2021ء میں مالیاتی خدمات کی درآمدات کا حجم ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا جو جنوری 2020ء میں دو کروڑ 20 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سفری خدمات کے تجارتی خسارہ میں 23 فیصد کمی

ادھر سفری خدمات کے شعبہ کے تجارتی خسارہ میں رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 23.59 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں سفری خدمات کے شعبہ کے تجارتی خسارہ کا حجم ایک ارب 20 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے ایک ارب 49 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے مقابلہ میں 23.59 فیصد کم ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات سے پاکستان کو 34 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے 48 کروڑ ڈالر کے مقابلہ میں 39.13 فیصد کم ہے۔

یہ بھی پڑھیے: مالی سال کے سات میں پاکستان کی برآمدات کا حجم 14 ارب 24 کروڑ ڈالر سے زائد رہا

جنوری 2021ء میں ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات سے پاکستان کو پانچ کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ جنوری 2020ء میں ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات سے سات کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے ابتدائی سات ماہ میں ٹرانسپورٹ خدمات کی درآمدات میں 27.04 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جولائی سے جنوری 2021ء تک سفری خدمات کی درآمدات پر ایک ارب 55 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے ایک ارب 97 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے کم ہے۔

جنوری 2021ء میں ٹرانسپورٹ خدمات کی درآمدات پر 25 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جبکہ جنوری 2020ء میں سفری خدمات کی درآمدات پر 30 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here