ایف بی آر: سات ماہ میں 35 ارب کی سمگل شدہ اشیاء ضبط، دو ہزار غیرقانونی پٹرول پمپ بند

جولائی تا جنوری کے دوران ملک بھر میں کارروائیوں کے دوران 11 ارب 30 کروڑ کی نان کسٹمز پیڈ گاڑیاں، تین ارب 40 کروڑ کی چھالیہ، ایک ارب 90 کروڑ کا برانڈڈ کپڑا، 55 کروڑ 30 لاکھ کے سیگریٹ، 49 کروڑ 20 لاکھ کے آٹو پارٹس ضبط کیے گئے

474

لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک کے طول و عرض میں کارروائیاں کرتے ہوئے رواں مالی سال کے ابتدائی سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران  35 ارب روپے مالیت کی سمگل شدہ اشیاء ضبط کیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق سمگل شدہ اشیاء کو ضبط کرنے کی یہ شرح گزشتہ مالی سال کے ابتدائی سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران ضبط کی گئی 22 ارب روپے مالیت کی سمگل شدہ اشیاء کے مقابلہ میں 59 فیصد زیادہ رہی۔

اس طرح رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ایف بی آر کی سمگلنگ کی روک تھام کی کارروائیوں میں اور ضبط شدہ اشیاء کی مالیت پچھلے سال بارہ ماہ کے برابر ہو گئی جو 36 ارب روپے تھی۔

یہ بھی پڑھیے:

ایف بی آر کی کارروائی، کراچی سے 21 بےنامی گاڑیاں پکڑ لیں

ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم جولائی سے فعال ہو جائیگا: ایف بی آر

ایف بی آر: سات ماہ میں 2570 ارب روپے ٹیکس جمع، ریفنڈز میں 80 فیصد اضافہ

رواں مالی سال ضبط شدہ اشیاء میں 66 فیصد اضافہ کے ساتھ 11 ارب 30 کروڑ روپے مالیت کی بغیر کسٹمز ادائیگی کی گاڑیاں، 105 فیصد اضافہ کے ساتھ تین ارب 40 کروڑ روپے کی چھالیہ، 28 فیصد اضافہ کے ساتھ ایک ارب 90 کروڑ روپے کا برانڈڈ کپڑا ضبط کیا گیا۔

ایف بی آر نے بتایا کہ سات ماہ کے دوران 70 فیصد اضافہ کے ساتھ 55 کروڑ 30 لاکھ روپے کے سیگریٹ، 113 فیصد اضافہ کے ساتھ 49 کروڑ 20 لاکھ روپے کے آٹو پارٹس، 67 فیصد اضافہ کے ساتھ 38 کروڑ روپے کی الیکٹرانک مصنوعات ضبط کی گئیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 93 فیصد اضافہ کے ساتھ 89 کروڑ 90 لاکھ روپے کا ڈیزل اور 104 فیصد اضافہ کے ساتھ 27 کروڑ 10 لاکھ روپے کے زیورات و جواہرات ضبط کیے گئے۔ رواں مالی سال بڑی مالیت کی شراب ، نہایت قیمتی اور نایاب باز اور بڑی مقدار میں منشیات بھی ضبط کی گئی۔

اس کے علاوہ پاکستان کسٹمز نے 60 لاکھ ٹن کی آیوڈین بھی ضبط کی جو غیر قانونی منشیات بنانے میں استعمال کی جاتی ہے، اس کارروائی کی تعریف بین الاقوامی ایجنسیوں نے بھی کی ہے۔

مزید برآں غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف موثر کارروائیوں کے نتیجے میں دو ہزار غیر قانونی پٹرول پمپس سیل کئے گئے اور ذمہ دارون کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں مقامی صنعت کو اپنے کاروبار کی بڑھوتری کیلئے سازگار ماحول میسر آیا ہے جس کے باعث ملکی معیشت پروان چڑھ رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here