اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ اور وزارتِ ابلاغ کو اسلام آباد میٹرو بس سروس کوترجیحی بنیادوں پرآپریشنلائز کرنے کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے متعلقہ وزارتوں کو پشاور موڑ سے نیو انٹرنیشنل اسلام آباد ائیرپورٹ (این آئی آئی اے) سے مسافروں کو بلاتعطل سفری سہولیات دینے کے پیش نظر جلد از جلد میٹروبس کو آپریشنلائز کرنے کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سال قبل منصوبے کے الیکٹرومکینیکل آلات کی تنصیب اور انفراسٹرکچر کا کام مکمل کر لیا گیا تھا لیکن منصوبہ کچھ مخصوص کارروائی مکمل نہ ہونے کی وجہ سے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے حوالے نہ کیا جا سکا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ رُوٹ کے لیے بنیادی وجوہات میں سے ایک وجہ بسوں کی کمی تھی، سی ڈی اے نے اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کے لیے راولپنڈی اسلام آباد بس سروس کی اضافی بسوں کو استعمال کرنے کی تجویز دی تھی۔
ذرائع نے کہا کہ سی ڈی اے دوبارہ سے منصوبے کا چارج سنبھالے گی جس کے بعد بسوں کی دستیابی سمیت تمام ترکارروائیوں کی تکمیل ہو گی۔
ذرائع نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے منصوبے کی آپریشنلائزیشن میں تاخیر کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو تیزی سے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
منصوبہ 10 بسوں کی فراہمی سے آپریشنلائز ہو سکتا ہے جبکہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو کے ڈپو میں 20 اضافی بسیں دستیاب تھیں۔