چین امریکہ کو پیچھے چھوڑ کر یورپی یونین کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن گیا

2020ء میں چین اور یورپی یونین کا تجارتی حجم 70 ارب 90 کروڑ ڈالر رہا جبکہ امریکا اور یورپی یونین کی تجارت 67 ارب 10 کروڑ ڈالر رہی

775

بیجنگ/ لندن: چین امریکہ کو پیچھے چھوڑ کر یورپی یونین کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن گیا ہے۔

جمعرات کو برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس وبا کے باعث 2020ء میں یورپ کے اہم شراکت دار ممالک کے درمیان تجارت میں کمی ہوئی لیکن چین ان منفی اثرات سے بچنے میں کامیاب رہا۔

سال 2020ء کے دوران چین اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی حجم 70 ارب 90 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ امریکا اور یورپی یونین کی تجارت 67 ارب 10 کروڑ ڈالر رہی۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ کورونا وبا کی وجہ سے پہلی سہ ماہی میں چین کی معیشت خراب ہوئی لیکن اقتصادی صورت حال میں بہتری آنے کے بعد سال کے آخر میں یورپی یونین کی جانب سے سامان کی مانگ میں اضافہ ہوا۔

2020 میں بڑی عالمی معیشتوں میں چین واحد ملک تھا جہاں معاشی نمو دیکھی گئی۔ اسی وجہ سے یہاں یورپی کاروں اور لگژری سازو سامان کی طلب میں اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیے:

یورپی ایئرپورٹس سے مسافروں کی آمدورفت میں ایک ارب 72 کروڑ کمی

یورپی یونین: معاشی بحالی کیلئے 815 ارب ڈالر کا مالیاتی پیکج منظور

یورپی یونین، پٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی کاروں کی فروخت میں نمایاں کمی ریکارڈ

طبی اور الیکٹرانک آلات کی زبردست مانگ کی وجہ سے چین کی یورپ میں برآمدات کو بھی فائدہ ہوا۔ یورپی یونین کے اعداد و شمار کے دفتر یوروسٹیٹ کے مطابق 2020ء میں چین یورپی یونین کا ایک اہم شراکت دار تھا۔ یہ درآمدات میں اضافی پانچ اعشاریہ چھ فیصد اور برآمدات میں دو اعشاریہ دو فیصد مزید اضافے کا نتیجہ تھا۔

یورپی یونین کے اعداد و شمار جنوری میں چین کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار سے ملتے جلتے ہیں۔ چین کے مطابق 2020ء میں یورپی یونین کے ساتھ تجارت میں 5.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور یہ بڑھ کر 696 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔

یوروسٹیٹ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق چین کے ساتھ یورپی یونین کا تجارتی خسارہ بھی 199 ارب ڈالر سے بڑھ کر 219 ارب ڈالر ہو گیا ہے جبکہ امریکہ اور برطانیہ کی یورپی یونین کے ساتھ تجارت میں ایک بہت بڑی کمی آئی ہے۔

یوروسٹیٹ کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ تجارت میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے اور یہ کمی دونوں درآمدات 13 اعشاریہ دو اور برآمدات میں 8 اعشاریہ 2 فیصد ہے۔2020 میں یورپی یونین کے ساتھ امریکی تجارت 671 ارب ڈالر رہی جبکہ ایک سال قبل یہ 746 ارب ڈالر تھی۔

چین کی سرکاری ریلوے کا کہنا ہے کہ 2020ء میں چین اور یورپ کے درمیان 12 ہزار 400 ٹرینیں چلیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ تھیں، یہ پہلا سال ہے جب چین اور یورپ کے درمیان ایک سال میں مال بردار گاڑیوں کی آمد و رفت میں 10 ہزار کا اضافہ ہوا ہو۔ مال بردار گاڑیوں کے ذریعے 20 فٹ کے 11 لاکھ 40 ہزار کنٹینرز کا تبادلہ ہوا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 56 فیصد زیادہ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مال گاڑیوں کے ذریعے تجارتی مال کی آمد و رفت میں اضافہ باہمی تجارت میں ایک ٹھوس پیش رفت ہے اور اس نے تجارت کی ایک نئی سمت متعین کی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here