ایڈی داز کا خسارے کا شکار اپنے برانڈ ’ریبوک‘ کو فروخت کرنے کا منصوبہ

649

برلن: جرمن سپورٹس وئیر بنانے والی کمپنی ایڈی ڈاز (Adidas) نے خسارے میں چلنے والے اپنے برانڈ ریبوک (Reebok) کو فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

ایڈی ڈاز نے حریف کمپنی نائیکی انکارپوریشن کا مقابلہ کرنے کے لیے ریبوک کو 15 سال قبل خریدا تھا جسے اب خسارے کے باعث فروخت کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔

کمپنی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے ایک لائحہ عمل تیار کیا ہے جس کا مقصد 10 مارچ 2021ء کو پیش کی جانے والی کمپنی کی پانچ سالہ حکمتِ عملی کے تحت ریبوک کو فروخت کرنا ہے، کمپنی مارچ میں ہی گزشتہ سال کے مالیاتی نتائج کا اعلان بھی کرے گی۔ مالی سال 2021ء کی پہلی سہ ماہی سے ریبوک کے آپریشنز کی معطلی کی رپورٹ کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریبوک کی فروخت کے بعد ایڈی ڈاز کے کاروبار کی مالیت کا حجم ایک ارب یورو (1.2 ارب ڈالر) تک کم ہو سکتا ہے۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کیسپر رورسٹڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریبوک اور ایڈی ڈاز کو ایک ساتھ چلانے کی کوششیں بارآور ثابت نہیں ہو سکی ہیں۔

ایڈی ڈاز نے ریبوک کو 2006ء میں تین ارب 80 کروڑ ڈالر کے عوض خریدا تھا لیکن سرمایہ کاروں کی جانب سے اس کی خراب کارکردگی کے باعث برانڈ کو ختم کرنے کے لیے بارہا کہا جاتا رہا۔ اس دوران ایڈی ڈاز نے کانیے ویسٹ، بیونسے اور فارل ولیمز جیسی مشہور شخصیات کے ساتھ شراکت داری کی بدولت مشہور برانڈ نائیکی کی برتری کو ختم کرنے میں کافی حد تک کامیابی حاصل کی ہے۔

2016ء میں سی ای او کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کیسپر روسٹڈ نے ریبوک کے لیے ایک الگ منصوبے کا آغاز کیا تھا جس کی مدد سے یہ برانڈ کسی حد تک منافع بخش بھی بنا لیکن ایڈی ڈاز کے مقابلے میں اس کی کارکردگی مسلسل خراب رہی اور اسی اثناء میں کورونا وائرس نے ریبوک کی رہی سہی مالیاتی پوزیشن کو بھی تباہ کر دیا۔

مالی سال 2020ء کی تیسری سہ ماہی میں ریبوک کی مصنوعات کی فروخت میں سات فیصد کمی آئی اور یہ 488 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں، 2020ء کی آخری سہ ماہی میں کمپنی کی مصنوعات کی فروخت 44 فیصد مزید کم ہو گئی جو کہ 2018ء کے 842 ملین یورو کے مقابلے میں آدھی رہ گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here