اسلام آباد:مقامی منڈی میں تعمیراتی صنعت کے لیے سریے کی قیمتوں میں کئی ماہ بعد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، قیمتوں میں کمی کی وجہ سے تعمیراتی صنعت کو واضح ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) کے نمائندوں نے اس سے قبل ملک میں سریے اور سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافہ پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ سریہ سازوں نے ملک میں سریے کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ بین الاقوامی سطح پر سریے اور خام سریے کی قیمتوں میں اضافہ کو قرار دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر خام مال کی لاگت میں اضافے کی وجہ سے حالیہ ماہ میں سریے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا لیکن مقامی منڈی میں سریے کی قیمتوں میں اب کمی آنا شروع ہو گئی ہے اور سریے کی فی من قیمت 140500 سے کم ہو کر130500 روپے فی ٹن پر آگئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سریے کی قیمتوں میں اکتوبر 2020 سے جنوری 2021 تک 350 ڈالر سے 500 ڈالر تک اضافہ ہوا۔ اس کی بنیادی وجہ سرد موسم کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس ہے جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر سکریپ کم حجم پر اکٹھا کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ کچھ ماہ کے دوران سریے کی قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے، قیمتوں میں کمی کا رجحان ملکی صنعتی انڈسٹری کے لیے ایک امید لائی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
’غیرمعیاری سٹیل تعمیرات کیلئے خطرہ، حکومت پیداوار اور فروخت پر پابندی لگائے‘
پاکستان میں سٹیل کی سالانہ طلب 7.1 ملین ٹن تک پہنچ گئی
نمائندہ پرافٹ اردو سے بات کرتے ہوئے پاکستان ایسوسی ایشن آف لارج سٹیل پروڈیوسرز (پی اے ایل ایس پی) کے نمائندے نے کہا کہ مقامی سٹیل انڈسٹری گزشتہ دو سے تین سال سے شدید بحران کا شکار تھی جس سے ٹیکس دہنندہ شعبے کو بھاری نقصان ہو رہا تھا۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ سٹیل سیکٹر نے عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو عوام تک پہنچنے نہیں دیا۔
جنرل سیکرٹری پی اے ایل ایس پی واجد بخاری نے دعویٰ کیا کہ “ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی اس ساری صورتحال میں سریے کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ بنی، سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں اضافہ اور وفاقی بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے 2019 میں کیے گئے اقدامات کے نتیجے میں سپیشل ریجیم کی نارمل جی ایس ٹی ریجیم میں تبدیلی آنے سے جی ایس ٹی رقم میں اضافہ دیکھا گیا۔ حالیہ ان سالوں میں بجلی کی لاگت سمیت تمام طرح کے اِن پٹ کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا”۔
انہوں نے کہا کہ کنکریٹ کی تعمیرات میں استعمال ہونے والے سریے کی قیمتوں میں گزشتہ تین ماہ سے 20 سے 25 فیصد اضافہ ہوا۔ تاہم، قیمتوں میں اچانک سے یہ اضافہ نہ صرف سریے کی قیمتوں میں دیکھا گیا بلکہ سیمنٹ، پائپ فٹنگ، اینٹوں اور ٹائلز وغیرہ کی دیگر تعمیراتی اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے سیمنٹ کی قیمتوں میں 19 فیصد، سریے اور لوہے کی چادروں کی قیمتوں میں 23 فیصد، اینٹوں، بلاکس اور ٹائلز کی قیمتوں میں 22 فیصد، گلاس شیٹس سات فیصد، پائپ فٹنگ 32 فیصد، پینٹ اور وارنشز 15 فیصد اور تعمیراتی ان پٹ اشیاء کی قیمتوں میں 23 فیصد اضافہ ہوا ہے۔