اسلام آباد: سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے پانچ ارب روپے کے دو ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی جبکہ 53 ارب 50 کروڑ روپے کے منصوبے حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھجوا دیے۔
گزشتہ روز سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں خوراک و زراعت ، گورننس، ٹرانسپورٹ اور مواصلات سے متعلق منصوبے پیش کیے گئے۔
سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں خوراک و زراعت کے شعبے سے متعلق 12 ارب 32 کروڑ روپے سے زائد کا لسبیلہ گوادر میں لائیولی ہوڈ سپورٹ پراجیکٹ کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو حتمی منظوری کے لئے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔
اجلاس میں گورننس سے متعلق 70 کروڑ دو لاکھ 68 ہزار روپے لاگت سے خیبرپختونخوا میں یو این ڈی پی کی مدد سے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو منظور کر لیا گیا۔
سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلا س میں ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن سے متعلق تین منصوبے پیش کیے گئے جس میں 28 ارب 15 کروڑ 59 لاکھ روپے لاگت سے خیبرپختونخوا میں سڑکوں کی بحالی کا منصوبہ حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔
دوسرا منصوبہ آر سی سی کونوڈاس برج سے نلتر ایئرفورس بیس کیمپ تک سڑک کی اَپ گریڈیشن کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کی لاگت کا اندازہ چار ارب 28 کروڑ 64 لاکھ روپے لگایا گیا ہے، اس منصوبے کی منظوری دی گئی۔
تیسرا منصوبہ مردان صوابی روڈ کی فزیبلٹی سٹڈی سے متعلق تھا جس کی لاگت کا تخمیمنہ 13 ارب دو کروڑ 42 لاکھ روپے لگایا گیا ہے، یہ منصوبہ بھی حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔