ریلوے کا ای ٹکٹنگ کا نظام نیشنل ٹیلی کام سروسز کے سپرد کرنے کا عندیہ

539

اسلام آباد: پاکستان ریلوے نے اپنی ای ٹکٹنگ اور دیگر سروسز کو جاری رکھنے کیلئے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے نیشنل ٹیلی کمیونکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) کی خدمات مہیا کرنے اجازت طلب کی ہے۔

پاکستان ریلوے کی جانب سے وزارتِ آئی ٹی کو بھیجے گئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ ریلوے آئی ٹی منسٹری کے ساتھ تعاون میں توسیع کا خواہاں ہے اور اپنی تمام ای سروسز این ٹی سی کے تحت چلائے جا رہے نیشنل ڈیٹا سینٹر کے سپرد کرنا چاہتا ہے۔

25 جنوری 2021ء کو پاکستان ریلوے نے اپنی آن لائن بکنگ ایپلی کیشن اور ای ٹکٹنگ کے نظام میں مسائل کے حل کیلئے این ٹی سی سے ہی رجوع کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: کاشغر تا مزار شریف، پاکستان ریلوے کو بین الاقوامی سطح تک وسعت دینے کا منصوبہ

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ این ٹی سی نے مطلوبہ سروسز ہنگامی بنیادوں پر فراہم کیں اور 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں ریلوے کے تکنیکی مسائل دور کرکے پورے سسٹم کو بحال کر دیا، این ٹی سی کی ٹیم تمام سروسز کی بحالی سے متعلق ریلوے کے ساتھ ابھی تک تعاون کر رہی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ اس وقت پاکستان ریلوے کی ایڈوانس ریزرویشن اور ای ٹکٹنگ ایپلی کیشن نیشنل ڈیٹا سینٹر کے ذریعے چلائی جا رہی ہیں۔

گزشتہ ماہ پاکستان ریلوے کے ای ٹکٹنگ کا الیکٹرانک سسٹم اچانک خراب ہونے کے باعث 60 آن لائن ریزرویشن آفسز مین سرورز سے منقطع ہو گئے تھے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ریلوے کو چند گھنٹوں میں کروڑوں روپے نقصان ہوا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here