دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا مریخ کی جانب بھیجا گیا مشن ‘ہوپ’ کامیابی سے سیارے کے مدار میں داخل ہو گیا ہے جس کے ساتھ ہی یو اے ای سرخ سیارے پر پہنچنے والا پہلا عرب ملک بن گیا ہے۔
اس مشن کے پراجیکٹ مینجر عمران شرف نے کہا ہے کہ “ہمارا ‘ہوپ’ مشن کامیابی سے مریخ کے مدار میں داخل ہو گیا ہے۔”
خلائی گاڑی جیسے ہی مریخ کے مدار میں داخل ہوئی تو دبئی میں واقع یو اے ای کے خلائی مرکز میں مشن کے کنٹرول روم نے اعلان کیا کہ امل (امید) نامی بغیر انسان خلائی گاڑی قریباً سات ماہ بعد کامیابی سے مریخ کے مدار میں پہنچ گئی ہے، اس نے 48 کروڑ کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا ہے، یہ اب مریخ کے گرد چکر لگا رہی ہے اور اس کے ماحول سے متعلق تفصیلی ڈیٹا اکٹھا کرے گی۔
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اپنے مختصر پیغام میں کہا ہے ’’مشن مکمل ہو چکا‘‘۔
یہ بھی پڑھیے:
خلا میں سبزی اگانے کا تجربہ کامیاب
12 سالہ پاکستانی طالبہ ناسا کی انٹرن شپ کیلئے منتخب
روس کا 2040ء تک چاند پر انسانی بستی کی تعمیر کا منصوبہ
ایک دن قبل انہوں نے مشن کی 50 فیصد کامیابی کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کائنات میں یہ سب سے دور دراز مقام پر عرب اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ پہنچے ہیں۔ اس مشن کو پایہ تکمیل کو پہنچانے کیلئے دو سو سے زائد اماراتی انجنیئرز نے 50 لاکھ گھنٹے سے زیادہ کام کیا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ اس سے پہلے مختلف ممالک کی جانب سے مریخ کو مسخر کرنے کے لیے بھیجے گئے مشنوں میں سے 60 فیصد ناکام رہے تھے اور وہ مریخ کے پیچیدہ ماحول میں داخل نہیں ہو سکے تھے اور فضا میں ہی تباہ ہو گئے، اسی وجہ سے مریخ کو بہت سے خلائی مشنوں کا قبرستان بھی کہا جاتا ہے۔
یو اے ای نے جولائی 2020ء میں اپنا پہلا خلائی مشن مریخ کے لیے روانہ کیا تھا اور وہ یہ مشن بھیجنے والا خطے کا پہلا ملک تھا۔ ہوپ مشن نے جاپان کے ٹینے گاشیما خلائی مرکز سے اڑان بھری تھی۔
اب یو اے ای ان پانچ ممالک کی صف میں شامل ہوگیا ہے جن کے خلائی مشن مریخ پر پہنچنے میں کامیاب رہے، ہوپ خلائی مشن کی کامیابی پر یواے ای میں جشن کا سماں ہے اور دبئی میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلیفہ کے برقی قمقموں کو اس خلائی مشن کے رنگوں سے روشن کیا گیا ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب میں آنے والے غیرملکی سیاحوں کے پاسپورٹس پر مریخ کی سیاہی کی مہر لگائی جا رہی ہے۔ اس مہر کی عبارت میں لکھاہے’’آپ متحدہ عرب امارات میں تشریف لائے ہیں۔ امارات 9 فروری 2021ء کو مریخ پر پہنچ رہا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ یہ مہر دنیا کی پہلی مارشین اِنک کو استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی ہے، یہ آتش فشانی چٹانوں سے نکالی گئی ہے کیونکہ ان کی بدولت ہی مریخ کا ایک منفرد رنگ بنتا ہے۔
ہوپ مشن کی یاد میں یہ مہر یو اے ای حکومت کے میڈیا دفتر نے دبئی ائیرپورٹس کے تعاون سے تیار کی ہے۔ اماراتی حکومت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے پروڈکشن اینڈ ڈیجیٹل کمیونیکشن خالد الشحی نے کہا ہے کہ ’’مشن کی شاندار کامیابی کو پوری دنیا کے ساتھ منانے کے لیے ہم نے ایک خصوصی مہر تیار کی ہے اور اس کو مارشین روشنائی کے ساتھ چھاپا جا رہا ہے۔ یہ مہر یو اے ای میں آنے والے تمام غیرملکیوں کے پاسپورٹس پر ایک محدود مدت کے لیے لگائی جائے گی۔‘‘