سات ماہ میں تجارتی خسارہ 14.96 ارب ڈالر پر پہنچ گیا

723

اسلام آباد: مالی سال 2020-21ء کے پہلے سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران پاکستان کے تجارتی خسارے میں 8.25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے سات ماہ کے 13.82 ارب ڈالر تجارتی خسارے کے مقابلے میں جاری سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 14.96 ارب ڈالر تک جا پہنچا ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2021ء کے دوران 2.601 ارب ڈالر تجارتی خسارہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دسمبر 2020ء کے دوران یہ خسارہ 2.639 ارب ڈالر تھا، ماہانہ اعتبار سے تجارتی خسارے میں 1.44 فیصد کمی ہوئی لیکن اگر جنوری 2021ء کے 2.601 ارب ڈالر تجارتی خسارے کا موازنہ جنوری 2020ء کے 2.149 ارب ڈالر کے ساتھ کیا جائے تو جنوری 2021ء میں اس میں 21 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جنوری 2021 میں برآمدات میں 9.89 فیصد کمی آئی اور یوں دسمبر 2020 کی 2.366 ارب ڈالر برآمدات کے مقابلے میں جنوری 2021 کے دوران 2.132 ارب ڈالر برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔ تاہم جاری مالی سال کے ساتویں ماہ (جنوری) کا اگر جنوری 2020ء سے مقابلہ کیا جائے تو برآمدات میں 8.11 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب جنوری 2021ء میں درآمدات میں 5.43 فیصد کمی آئی، دسمبر 2020ء کی 5.005 ارب ڈالر درآمدات کے مقابلے میں جنوری میں 4.733 ارب ڈالر کی مصنوعات درآمد کی گئیں جبکہ جنوری 2020ء کے ساتھ ان درآمدات کا موازنہ کیا جائے تو رواں برس جنوری میں درآمدات میں 14.85 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیۓ:

اسمگل ہونے والی چھ اشیاء کی قانونی طریقے سے درآمدات میں 55 فیصد اضافہ

مسلسل چوتھے ماہ پاکستانی برآمدات دو ارب ڈالر سے زائد

دوستی چین کیساتھ، لیکن پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی کوئی اور ملک

پیداواری اور ترسیلی لاگت بڑھنے سے جنوری میں سیمنٹ کی برآمدات میں 14 فیصد کمی

مجموعی طور پر جاری مالی سال کے سات ماہ کے دوران 14.242 ارب ڈالر مالیت کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ برس کے پہلے سات ماہ کے دوران برآمدات کا حجم 13.496 ارب ڈالر تھا، اس طرح رواں برس برآمدات میں 5.53 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اسی طرح مذکورہ سات ماہ کے دوران درآمدات 6.92 فیصد اضافے سے 29.205 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ مالی سال 2020ء کے جولائی تا جنوری کے دوران درآمدات کا حجم 27.316 ارب ڈالر دیکھا گیا تھا۔

وزارتِ تجارت نے گزشتہ ماہ اپنے جاری کیے گئے اعدادوشمار میں کہا تھا کہ گزشتہ آٹھ سالوں میں پہلی بار مسلسل چوتھے ماہ برآمدات دو ارب ڈالر سے زائد رہیں لیکن اگر ان اعدادوشمار کا پی بی ایس کے اعدادوشمار کے ساتھ موازنہ کیا جائے تو ان اعدادوشمار میں کچھ فرق دیکھنے میں آئے گا۔

وزارتِ تجارت کے مطابق جنوری 2021ء برآمدات میں آٹھ فیصد اضافہ ہوا جو جنوری 2020ء کی 1.978 ارب ڈالر کے مقابلے میں 2.135ء ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ تاہم پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2021ء میں گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران 1.972 ارب ڈالر برآمدات کے مقابلے میں 2.132 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

وزارتِ تجارت نے مزید کہا تھا کہ سال 2020-21ء کے جولائی تا جنوری کے دوران برآمدات میں 5.5 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ مالی سال کے پہلے سات ماہ کے 13.507 ارب ڈالر برآمدات کے مقابلے میں 14.245 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

تاہم پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2020-21ء کے جولائی تا جنوری کے دوران برآمدات 14.242 ارب ڈالر رہیں جبکہ مالی سال 2019-20ء کے پہلے سات ماہ کےدوران برآمدات کا حجم 13.496 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here