مسلسل چوتھے ماہ پاکستانی برآمدات دو ارب ڈالر سے زائد

926

اسلام آباد: وزارتِ تجارت کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق آٹھ سالوں میں پہلی مرتبہ مالیاتی سال 2021 کے (اکتوبر تا جنوری) کے مسلسل چار ماہ کے دوران ملکی برآمدات دو ارب ڈالر سے بھی متجاوز رہیں۔

وزارتِ تجارت کے حکام کا ویڈیو لنک کے ذریعے مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں بتایا گیا کہ جنوری 2021 میں گزشتہ برس کے مذکورہ ماہ کے 1.97 ارب ڈالر برآمدات کے مقابلے میں 2.13 ارب ڈالر برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے جنوری 2021 کے ماہ تک صوبائی اعدادوشمار کے تجارتی ڈیٹا پر نظرثانی کی۔

حکام نے جنوری میں برآمدات میں اضافے کی وجہ ویلیو ایڈڈ اور نان ٹریڈشنل ایکسپورٹس میں اضافے کو قرار دیا، سالانہ اعتبار سے جرسیوں اور کارڈیگنز کی برآمدات میں 72 فیصد اضافہ ہوا جبکہ فارماسیوٹیکل کی برآمدات میں 55 فیصد، ٹی شرٹس 43 فیصد، وویمن گارمنٹس 21 فیصد، ہوم ٹیکسٹائل 19 فیصد، میڈ اپ ٹکسٹائل 11 فیصد، مینز گارمینٹس 8 فیصد اور چاولوں کی برآمدات میں 7 فیصد اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیۓ:

وزیراعظم کا برآمدات میں اضافہ کیلئے بین الوزارتی رابطوں، پبلک پرائیویٹ شراکت داری بڑھانے پر زور

حکومتی دعوئوں کے برعکس چھ ماہ میں تجارتی خسارہ 1.4 کھرب روپے تک جا پہنچا

دوسری جانب، نان ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات میں زیادہ تر کمی کا رجحان دیکھا گیا کیونکہ مکئی کی درآمدات میں 82 فیصد کمی، خام چمڑے 23 فیصد، کاٹن یارن 11 فیصد، کاٹن فیبرک 14 فیصد اور گوشت کی برآمدات میں 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

جنوری 2021 میں کینیڈا نے پاکستان سے سب سے زیادہ برآمدات منگوائیں جن میں 43 فیصد اضافہ ہوا، دوسرے نمبر پر آسٹریلیا نے 42 فیصد، امریکہ نے 36 فیصد، ساؤتھ افریقہ 27 فیصد، چین 21 فیصد، برطانیہ 21 فیصد، بیلجیم 18 فیصد اور سعودی عرب نے 14 فیصد مصنوعات پاکستان سے منگوائیں۔

اس کے برعکس، پاکستانی مصنوعات کی جن ممالک میں برآمدات میں کمی آئی ان میں جارڈن کی جانب سے سب سے زیادہ 68 فیصد کمی ہوئی، اس کے بعد سنیگال 59 فیصد، اٹلی 24 فیصد، ترکی 21 فیصد، بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے برآمدات میں 19 فیصد کمی آئی۔

اجلاس کے دوران مالیاتی سال کے پہلے سات ماہ کی برآمدات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ مالیاتی سال 2020-2021 کے جولائی تا جنوری کے دوران صوبائی اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملکی برآمدات گزشتہ برس کے اسی عرصے کے 13507 ملین ڈالر کے مقابلے میں 5.5 فیصد اضافے سے 14245 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

مالیاتی سال 2020-2021 کے جولائی تا جنوری کے دوران ویلیو ایڈڈ اور نان ٹریڈشنل مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ہوا۔

جن مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ان میں ٹینٹس اینڈ کنوس کی برآمدات میں 49 فیصد، جرسیوں اینڈ کاڈیگنز 37 فیصد، فارماسیوٹیکل 28 فیصد، کٹلری 27 فیصد، ساکس اینڈ سٹاکنگز 26 فیصد، لیڈیز گارمینٹس 22 فیصد، ہوم ٹیکسٹائل 17 فیصد اور ٹیکسٹائل میڈ اپ کی برآمدات میں گزشتہ برس کے اسی عرصے کے مقابلے میں 9 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here